مجھے ہرانے کیلئے اکھٹے ہونے والوں کا اکھٹا سیاسی جنازہ نکلے گا، عمران خان


سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عمران خان کو ہرانے کے لیے اکھٹے ہونے والوں کا اکھٹا سیاسی  جنازہ نکلے گا۔

صوابی میں جلسے سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ ان کا ایک وزیر کہتا ہے ہم تو وینٹی لیٹر پر ہیں، غلامی پر مجبور ہیں۔ پاکستان کا کرائم منسٹر ضمانت پر ہے، چیف منسٹر پر بھی کرپشن کیسز ہیں، 60 فیصد کابینہ ضمانت پر ہے، جو لندن میں بیٹھ کر فیصلے کر رہا ہے وہ مفرور اور سزا یافتہ ہے،  اس کی بیٹی  جو تقریریں کرتی پھر رہی ہے وہ بھی سزا یافتہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب ملک کے ادارے تباہ ہو جائیں تو ملک تباہ ہو جاتا ہے،  ایف آئی اے ہماری آنکھوں کے سامنے تباہ ہو رہا ہے ، ایف آئی اے نے بڑی محنت سے ان کے خلاف اربوں روپے کے کیس بنائے، کیس بنانے والا ایک ہارٹ اٹیک سے مر گیا اور دوسرا زندگی کی جنگ لڑ رہا ہے۔

اسٹیبلشمنٹ سے لڑائی کے بجائے سیاسی مخالفین کو ہٹ کریں، پرویز الہیٰ کا عمران خان کو مشورہ

ان کا کہنا تھا کہ میں بتاؤں گا وہ کون سا زہر ہے جو کھانے میں ملاؤ تو ہارٹ اٹیک ہوتا ہے، ایف آئی اے کے ساتھ وہی ہو گا جو انہوں نے کراچی پولیس کے ساتھ کیا تھا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ کراچی میں نصیر اللہ بابر نے ایم کیو ایم کے خلاف اپریشن کیا، نواز شریف کی حکومت آئی تو انہوں نے ایم کیو ایم سے سمجھوتا کر لیا بعد میں ایم کیو ایم نے چن چن کو ایک ایک پولیس والے کو مار ڈالا، آج تک کراچی میں دوبارہ پولیس کھڑی نہیں ہو سکی۔

ان کا کہنا تھا کہ صوابی اسلام آباد کے قریب ہے جب میں کال دوں گا ، صوابی کے باشعور اور دلیر نوجوانوں کو اسلام آباد پہنچیں۔

انہوں نے کہا کہ اس ملک کی حقیقی آزادی کے لیے صوابی کے عوام اسلام آباد آئیں اور جو نہیں نکل سکتا وہ صوابی میں رہ کر احتجاج کریں اور کہیں امپورٹڈ حکومت نامنظور۔

انہوں نے کہا کہ میں آزاد پاکستان جب کہ میرے والدین غلامی کے دور میں پیدا ہوئے، لاکھوں لوگوں نے انگریزوں کی جنگوں میں قربانیاں دی لیکن کبھی کسی نے ان کا شکریہ ادا نہیں کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ جب پاکستان نے امریکہ کی جنگ میں مدد کی تو 80 ہزار سے زائد لوگوں نے اس میں قربانیاں دیں، سب سے زیادہ خیبر پختون خوا کے لوگوں نے قربانیاں دی لیکن کیا کسی نے ان کا شکریہ ادا کیا، کیا امریکہ نے کہا کہ آپ کی قربانیوں کا شکریہ؟ بلکہ امریکہ سے آوازیں اٹھیں کہ پاکستان کی وجہ سے افغانستان میں جنگ نہیں جیتی،  یاد رکھیں غلاموں کی کبھی عزت نہیں ہوتی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم کسی صورت چوروں اور غلاموں کی حکومت کو منظور نہیں کریں گے۔ ہم صرف یہ چاہتے ہیں کہ الیکشن کی تاریخ دی جائے۔

عمران خان نے کہا کہ ہم دنیا کے سب سے عظیم لیڈر کی امت ہیں، زرداری اور شریفوں نے 2008 سے 2018 تک حکومت کی ، ڈیزل بھی ان کے ساتھ فٹ ہوا ہوا تھا۔انہوں نے کہا کہ ان تھری سٹوجز نے مل کر 10 سال تک حکومت کی، ان کے دورِِ حکومت میں پاکستان پر 400 ڈرون حملے ہوئے،  ہزار میل دور امریکا میں ایک شخص بٹن دبا کر ہمارے ملک پر حملہ کرتا تھا، ڈرون حملہ کہاں ہوتا تھا نیچے کون مرتا تھا کبھی کسی کو پتہ نہیں چلا۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کا کوئی قانون ایسے حملوں کی اجازت نہیں دیتا، ان لوگوں نے ایک بار بھی امریکا کو کچھ کہنے کی جرات نہیں کی، کیا یہ ہمیں اجازت دیں گے کہ ہم اپنے مطلوب دہشتگرد کو ان کے ملک میں ڈرون حملہ کر کے قتل کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ امریکا کے غلام ہیں اور پیسے کی پوجا کرتے ہیں،ان کے پیسے لندن اور امریکا میں پڑے ہوئے ہیں،یہ کبھی اپنے لوگوں کے حقوق اور فائدے کیلئے اپنی زبان نہیں کھولیں گے، وہ اس لئے ان کو لائے کیونکہ انہیں معلوم تھا کہ عمران خان انہیں بیسز نہیں دے گا۔


متعلقہ خبریں