کراچی والے ہوجائیں ہوشیار : لو لگنے کا خطرہ ٹلا نہیں


کراچی : شدید گرمی، سمندری ہواؤں کی کمی و بندش، ہیٹ ویو کے خطرے اور بجلی کی اعلانیہ و غیراعلانیہ بندش نے شہر قائد کے مکینوں کی زندگی اجیرن کردی ہے۔

کراچی میں آج بھی لو چلنے کا خطرہ برقرارہے، درجہ حرارت 40 سے 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے  کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیا ت کے مطابق سمندری ہوائیں کم چلیں گی اور ہوا کی رفتار چھ سے آٹھ ناٹیکل میل رہے گی۔

گزشتہ تین دن سے شدید لو کی لپیٹ میں رہنے والے شہر قائد کے باسیوں کے لیے محکمہ موسمیات نے اطلاع دی ہے کہ آج بھی ’سورج سوا نیزے‘ پر ہو گا، ہوا میں نمی کا تناسب خطرناک حد تک کم رہنے کا امکان ہے۔

گزشتہ روز ہوا میں نمی کا تناسب محض چار فیصد تھا جسے طبی ماہرین انتہائی خطرناک گردانتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق ہوا میں اس قدر کم نمی اس بات کی علامت ہے کہ شہری ہر وقت لو لگنے کی زد میں ہیں۔

طبی ماہرین ایسی صورتحال میں پینے کا پانی ہر وقت ساتھ رکھنے اور سر ڈھانپے رکھنے کی ہدایت کرتے ہیں۔

ڈاکٹروں نے عوام الناس کو مشورہ دیا ہے کہ ضرورت کے تحت گھر سے باہر نکلنے سے قبل خوب اچھی طرح پانی پی لیں، سورج کی تپش سے بچنے کے لیے چھتری کا استعمال کریں اور سرپہ گیلا کپڑا رکھیں۔ غیر ضروری طور پر دھوپ میں رہنے سے اجتناب برتیں۔

سخت گرمی میں لو لگنے کے ’خطرے‘ کا شکار اہلیان کراچی بجلی کی اعلانیہ اور غیراعلانیہ بندش سے بھی سخت اذیت میں مبتلا ہیں۔

ہم نیوز کو موصولہ اطلاعات کے مطابق بن قاسم پاور پلانٹ کے بند یونٹ میں ہالینڈ سے لائے گئے پرزے کی تنصیب کے باوجود شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی بندش برقرار ہے۔

اطلاعات کے مطابق گلستان جوہر کے مختلف بلاکس، ڈرگ روڈ، لانڈھی، شاہ فیصل کالونی، کورنگی، قائد آباد اور گلشن بونیر میں گیارہ گھنٹے تک بجلی کی بندش کا سلسلہ جاری رہا۔

نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد، سرجانی ٹاؤن، فیڈرل کیپیٹل ایریا (ایف سی ایریا) اور گولیمار میں بجلی کی بندش کا دورانیہ 12 گھنٹے تک پہنچ گیا۔ بسم اللہ چوک سعید آباد ، بلدیہ کے مختلف سیکٹرز اوراورنگی ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں بھی بجلی کی بندش نے شہریوں کو بے حال رکھا۔

بجلی کے اعلانیہ و غیراعلانیہ تعطل کے باعث شہر کے بعض علاقوں کو پانی کی فراہمی بھی شدید متاثر ہوئی ہے۔ بلدیہ ٹاؤن، شیرشاہ اور سائٹ میں پانی کی سخت قلت ہے۔

مقامی افراد کے مطابق قلت آب کا براہ راست فائدہ واٹر ٹینکر مافیا اٹھارہی ہے، جو رمضان المبارک کی بابرکت ساعتوں میں پانی کے منہ مانگے دام وصول کر رہی ہے۔


متعلقہ خبریں