مجرموں کے ٹولے نے میری ٹیم کے کام پر پانی پھیر دیا، عمران خان


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ مجرموں کے ٹولے نے میری ٹیم کے کیے گئے کام پر پانی پھیر دیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ سازشی ٹولے کی واحد ترجیح این آ ر او 2 حاصل کرنا ہے اور سازشی ٹولے نے میری ٹیم کے تمام کاموں کو ختم کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں: اتحادی جماعتوں کے اجلاس کی اندرونی کہانی، فوری انتخابات نہ کروانے پر اتفاق

انہوں نے کہا کہ جب تبدیلی سرکار کی امریکی سازش کے ذریعے پی ٹی آئی حکومت کو ہٹایا گیا تو رجیم چینج سے قبل ہماری شرح نمو 6 فیصد کے قریب تھی۔

دوسری جانب تنظیم اسلامی پاکستان کے وفد نے بنی گالہ میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی اور ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفد کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔ وفد نے اقوام متحدہ اسمبلی میں اسلامو فوبیا کے خلاف قرارداد کی منظوری پر عمران خان کی تعریف کی۔

وفد نے 15 مارچ کو اسلامو فوبیا کے خلاف عالمی دن کے طور پر منائے جانے کی بھی تعریف کی اور وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے کی روشنی میں لاتحہ عمل کی تیاری پر بھی اتفاق کیا۔

اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ اللہ کی وحدانیت پر ایمان رکھنے والی قوم کو غلام بنانے کی منصوبہ بندی جاری ہے اور بیرونی طاقتوں کی ایما پر قوم کو تاریخی و تہذیبی ورثے سے جدا کرنے کی کوششیں کی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ قوم سیاسی، معاشی اور معاشرتی غلامی کی زنجیریں توڑنے کو تیار ہے جبکہ دینی و مذہبی شخصیات و جماعتوں کو اسلام آباد مارچ میں شرکت کی دعوت دیتے ہیں۔


متعلقہ خبریں