حمزہ شہباز غیر قانونی اور غیر آئینی وزیراعلیٰ ہیں، فواد چودھری


لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ حمزہ شہباز غیر قانونی اور غیر آئینی وزیراعلیٰ ہیں۔

پی ٹی آئی کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کوئی رکن پارلیمانی پارٹی کے سربراہ کے حکم کے خلاف ووٹ دے تو اس کی گنتی شمار نہیں کی جاتی۔ اس وقت پنجاب اسمبلی میں حزب اختلاف کے پاس 173 ووٹ ہیں اور حمزہ شہباز کے پاس 172 ووٹ ہیں۔ حمزہ شہباز کو از خود استعفیٰ دے دینا چاہیے تھا۔

انہوں نے کہا کہ ان کے تمام انتظامی فیصلے غلط ہیں اور گورنر پنجاب ان کو عدم اعتماد کے ووٹ کے لیے کہہ سکتے ہیں جبکہ عمر چیمہ کو ایک جوائنٹ سیکرٹری کے احکامات پر برطرف کیا گیا۔ ہم نے کل عدالت میں پٹیشن دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

فواد چودھری نے کہا کہ حمزہ شہباز غیر قانونی اور غیر آئینی وزیراعلیٰ ہیں انہیں فارغ کیا جائے اور نئے الیکشن کے نتیجے میں پرویز الہٰی نئے وزیراعلیٰ منتخب ہوں گے۔ ہم نے انتظامی فیصلہ لینے کے بجائے عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت پورے ملک میں کوئی حکومت نہیں ہے اور معیشت کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔ یہ تو ایسا ہے کہ ڈاکو گھر میں گھس جائیں اور لوٹ مار کریں۔ ڈاکووں نے چند گھنٹوں میں پورے گھر کا بیڑا غرق کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کے جلسے میں ناقص انتظامات پر ٹھیکیدار گرفتار

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پورے ملک میں عام انتخابات ہونے چاہیئیں اور صدر مملک کسی بھی وقت وزیر اعظم کو اعتماد کے ووٹ کا کہہ سکتے ہیں۔ پاکستان کا اس وقت کا بحران سیاسی ہے اور معاشی بحران کے خاتمے کے لیے سیاسی بحران کا خاتمہ ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ سے درخواست ہے پنجاب حکومت کے بغیر کام نہیں کر سکتا اس لیے الیکشن کی تاریخ کا اعلان کیا جائے۔ انتخابی اصلاحات پر بات ہو سکتی ہے لیکن پہلے الیکشن کی تاریخ کا اعلان کیا جائے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ شہباز شریف سمیت جس جس نے چورن بیچا وہ نہیں چل سکے اور وزرا کے آنکھوں سے آنسو نکل رہے ہیں کہ انہیں کدھر کھڑا کر دیا ہے۔ امید ہے عمرچیمہ دوبارہ گورنر ہاؤس میں واپس آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کی تاریخ ستمبر کی ہونی چاہیے اور جن ٹانگوں پر حکومت کھڑی ہے ان پر کھڑے رہنا ہی بہت مشکل ہے۔ حمزہ شہباز اور شہباز شریف نے جس جس کو چورن کھلایا انہیں بدہضمی ہو گئی۔


متعلقہ خبریں