جو قومیں اپنے شہیدوں یا ہیروز کو بھول جاتی ہیں وہ مٹ جاتی ہیں،آرمی چیف


آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ جو قومیں اپنے شہیدوں یا ہیروز کو بھول جاتی ہیں وہ مٹ جاتی ہیں۔

جی ایچ کیو میں تقسیم اعزازات تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ فوج ہی ہے جو صبح سے لے کر شام تک ہر جگہ مدد کیلئے ملے گی۔

انہوں نےکہا کہ دنیا مجھے کہتی ہے کہ پاک فوج واحد فوج ہے جس نے دہشتگردی کا خاتمہ کیا، وہ پوچھتے ہیں باقی ملک ناکام ہو گئے، پاکستان میں ایسی کیا خوبی ہے؟ ہمیشہ بتاتا ہوں کہ ہمارے پاس ایسی مائیں ہیں جو اپنے لخت جگر ملک پر قربان کرنے کیلئے تیار ہیں، ان ماؤں، بہنوں کے ہوتے پاکستان کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا

ان کا کہنا تھا کہ آج ہم پھر مادر وطن پر قربان ہونے والے بہادر جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم محفوظ پاکستان میں رات کو آرام سے سوتے ہیں۔ یہ جوانوں کے خون کی قربانی کی وجہ سے ممکن ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیشہ کہتا ہوں اصل ہیرو ہمارے شہید ہیں۔ جو قومیں اپنے شہیدوں یا ہیروز کو بھول جاتی ہیں وہ قومیں مٹ جایا کرتی ہیں۔

آرمی چیف نے کہا کہ میں یہ مانتا ہوں کہ کوئی بھی دیکھ بھال اور مراعات شہادت کا نعم البدل نہیں ہو سکتی۔

دشمن قوتیں پاک فوج اور عوام کے درمیان خلیج ڈالنے کی کوشش میں کامیاب نہیں ہونگی، آرمی چیف

ان کا کہنا تھا کہ ایک والداور والدہ کیلئے، جب تک وہ اس دُنیا میں زندہ ہیں اُن کا بچہ اُن کی نظر کے سامنے ضرور روز آئے گا، روز اُن کو یاد آئے گا۔ ایک بیوہ جس کا خاوند اُس کے ہاتھ سے چلا گیا اور وہ بچے جن کے سر سے باپ کی شفقت اُٹھ گئی ہے، اُن کو بھی اُس کی کمی ضرور محسوس ہو گی اور اس کا کوئی بھی نعم البدل نہیں ہو سکتا۔

قبل ازیں جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو ) میں مختلف آپریشنز کے دوران جرات و بہادری کا مظاہرہ کرنے والے جوانوں کو اعزازات دینے کی تقریب میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شہدا کے اہلخانہ کو میڈلز سے نوازا۔

اس حوالے سے آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شہداء کی فیملیز نے بھی تقریب میں شرکت کی، 48 افسران کو ستارہ امتیاز ملٹری سے نوازا گیا جبکہ تین جونیئر کمیشنڈ افسران اور تیس سپاہیوں کو تمغہ بسالت سے نوازا گیا، سینئر فوجی افسران اور اعزازات پانے والوں کی فیملیز کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔


متعلقہ خبریں