مغربی افریقہ میں 18 ملین افراد شدید بھوک کا شکار، اقوام متحدہ


اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ مغربی افریقہ کے ساحلی خطے میں اٹھارہ ملین افراد کو  اگلے تین مہینوں کے دوران خوراک کی شدید قلت کا سامنا ہوگا۔

اقوام متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام کے مطابق اس خطے میں کچھ علاقوں کے لیے پہلے ہی راشن پروگرام  میں کٹوتی کی جا چکی ہے اور اگر بین الاقوامی عطیہ دہندگان مزید امداد نہیں فراہم کرسکے تو اس میں مزید کمی آجائے گی۔

ادارے کے ترجمان ژینس لائرک کے مطابق اس خطے میں غذائی قلت کا شکار ہونے والوں میں 7.7 ملین بچے بھی شامل ہیں۔جن کی عمر پانچ سال سے بھی کم ہے۔

انہوں نے بتایا ہے کہ برکینا فاسو، چاڈ، مالی اور نائجر جیسے افریقی ممالک میں  غذا کی فراہمی سے متعلق صورتحال انتہائی تشویشناک حد تک پہنچ چکی ہے۔

اقوام متحدہ نے ان چاروں ممالک کے لیے 30 ملین ڈالر کی ہنگامی امداد کا اعلان کیا ہے۔  واضح رہے کہ افریقہ کے  اس ساحلی خطے کو سن 2011 سے  شدید خشک  سالی کا سامنا ہے۔


متعلقہ خبریں