پنجاب اسمبلی کے ڈی جی پارلیمانی امور گرفتار

پنجاب کا بجٹ اجلاس شروع نہیں ہوسکا: حکومت اور اپوزیشن میں ڈیڈ لاک برقرار

لاہور: پولیس نے پنجاب اسمبلی کے ڈی جی پارلیمانی امور رائے ممتاز کو  حراست میں لے لیا۔

رائے ممتاز کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ پولیس دیواریں پھلانگ کر گھر میں داخل ہوئی۔ پولیس نے رائے ممتاز کو نامعلوم مقام پرمنتقل کردیا ہے۔رائے ممتاز ضمانت پر ہیں،پولیس نے ناجائز حراست میں لیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق  ڈی جی پارلیمانی امور رائے ممتاز کو پنجاب اسمبلی ہنگامہ آرائی کیس میں حراست میں لیا گیا۔

پولیس  نے پنجاب اسمبلی آفیسرز کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے سیکرٹری اسمبلی محمد خان بھٹی کے گھر پر بھی چھاپہ مارا۔ ترجمان پنجاب اسمبلی کے مطابق پولیس نے سیکرٹری کوارڈینیشن عنایت اللہ لک کے گھر پر بھی چھاپہ مارا۔

دونوں آفیسرز کی گھر پر عدم موجودگی کے باعث پولیس دونوں آفیسرز کو گھر سے گرفتار کرنے میں ناکام رہی۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی  نے رائے ممتاز کو گرفتار کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سب ایکشن شہباز شریف کے حکم پر ہورہا ہے۔حکومت کا یہ ایکشن فسطائیت ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پنجاب اسمبلی کے سینئر آفیسرز کی گرفتاری اور چھاپے حکومت کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے۔غیر آئینی اور جعلی حکومت آئین اور قانون کے خلاف اقدامات کر رہی ہے۔ شریفوں کا چہرہ قوم کے سامنے آرہا ہے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے آج ساڑھے بارہ بجے  اسمبلی کا اجلاس طلب کر رکھا تھا جو شروع نہ ہو سکا۔

اسپیکر نے ارکان کو اسمبلی سیکرٹریٹ پہنچنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ارکان اسمبلی 12 بجے پنجاب اسمبلی پہنچیں۔ دیکھتے ہیں منتخب ارکان کو کون اسمبلی میں داخل ہونے سے روکتا ہے۔

 ان کا کہنا ہے کہ حکومتی فسطائیت کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ منتخب نمائندوں کو کوئی اسمبلی داخلے سے نہیں روک سکتا۔

 دوسری جانب اسمبلی اجلاس سے پہلے پولیس نے پنجاب اسمبلی کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔ ترجمان اسپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا ہے کہ  پولیس اسمبلی کے تمام دروازوں پر تعینات ہے۔

اسمبلی ملازمین کو بھی اسمبلی سیکرٹریٹ نہیں جانے دیا جار ہا ۔ پولیس نے پنجاب اسمبلی کے تمام دروازے بند کر دیے ہیں۔


متعلقہ خبریں