دیکھتے ہیں کون اسمبلی میں داخل ہونے سے روکتا ہے، پرویز الہیٰ


لاہور: اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ دیکھتے ہیں کون پنجاب اسمبلی میں داخل ہونے سے روکتا ہے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی کی جانب سے آج اجلاس طلب کیا گیا ہے تاہم اجلاس سے قبل ہی صبح پنجاب اسمبلی کے ڈی جی پارلیمانی امور رائے ممتاز کو گرفتار کر لیا گیا اور اسمبلی میں ملازمین کو داخلے سے روک دیا گیا۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہی نے اس تمام صورتحال پر اراکین اسمبلی کو ایوان میں پہنچنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دیکھتے ہیں کون ہمیں اسمبلی میں داخل ہونے سے روکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی فسطائیت کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، ہمارے تمام اراکین اجلاس میں پہنچیں گے اور  پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج ضرور ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں: پرتعیش اشیا کی درآمدات پر پابندی سے سماجی عدم توازن کا خاتمہ ہو گا، وزیر اعظم

پرویز الہیٰ نے کہا کہ عمر سرفراز چیمہ آج بھی گورنر پنجاب ہیں اور گورنر کے ہوتے ہوئے میں کیسے قائم مقام گورنر بن جاؤں۔ باپ بیٹا اسمبلی کے ساتھ ایسا اس لیے کر رہے ہیں کیونکہ ان کے پاس نمبرز کم ہیں جبکہ میں آج بھی وزیر اعلیٰ پنجاب کا امیدوار ہوں۔


متعلقہ خبریں