مارگلہ،شیرانی اور خیبرایجنسی کے جنگلات میں لگی آگ بجھائی نہ جاسکی


مارگلہ کی پہاڑیوں پر لگنے والی آگ پر تاحال مکمل قابو نہ پایا جا سکا۔

شاہ اللہ دتہ کے علاقے میں مارگلہ کی پہاڑیوں پر آگ گزشتہ روز لگی تھی، اس وقت بھی پہاڑیوں سے دھواں اٹھ رہا ہے۔ گزشتہ روز سی ڈی اے کے 100 سے زائد اہلکاروں اور 6 گاڑیوں نے آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لیا۔ ترجمان سی ڈی اے کے مطابق جنگل کے نچلے حصے میں آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔ جنگل کے اوپر والے حصے میں آگ پر قابو پانے کیلئے آپریشن جاری ہے۔ تیز ہوا کے باعث آگ پر فوری قابو پانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

بلوچستان کے ضلع شیرانی کے جنگلات میں چودہ روز سے لگی آگ پر قابو نہ پایا جا سکا۔

آگ سے کروڑوں روپے مالیت کے چلغوزے کے درخت راکھ ہو گئے، پاک فوج اور ایف سی بھی انتظامیہ کے ساتھ امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہے، دس خاندانوں کو میڈیکل ریلیف کیمپ منتقل کر دیا گیا ہے، پاک فوج نے امدادی سامان لاہور سے ژوب منتقل کر دیا، این ڈی ایم اے کی جانب سے ایف سی بلوچستان کے ذریعے کمبل، خیمے، چٹائیاں اور آگ بجھانے کا سامان فراہم کیا گیا ہے۔

ضلع شیرانی کے قریب دیودار کے جنگل میں لگی آگ بھی ابھی تک جاری ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فوج اور ایف سی بلوچستان کی جانب سے زیادہ سے زیادہ مدد کی فراہمی جاری، آگ زیادہ تر پہاڑی چوٹیوں پر دس ہزار فٹ کی بلندی پر آبادی سے دور ہے، گرم موسم اور خشک ہواوں کے باعث آگ تیزی سے پھیل رہی ہے، قریب ترین گاوں آگ سے تقریبا آٹھ سے دس کلو میٹر دور ہیں، دس خاندانوں کو ایف سی بلوچستان کی جانب سے میڈیکل ریلیف کیمپ میں منتقل، مقامی انتظامیہ اور لیویوز کے ساتھ ایف سی ونگ اور دو ہیلی کاپٹر آگ بجھانے کے عمل میں مصروف ہیں، ایک ہیلی کاپٹر پانی اور دوسرا کیمیکل پھینکنے کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے۔

این ڈی ایم اے کی جانب سے ایف سی بلوچستان کے ذریعے 400 فائر بالز، 200 فائر سوٹ، فراہم کیے گئے، کمبل، خیمے، چٹائیاں اور آگ بجھانے کا سامان بھی فراہم کیا گیا ہے ، پاک فوج نے مزید امدادی سامان بھی لاہور سے ژوب پہنچا دیا ہے۔

دوسری جانب خیبر ایجنسی کی وادی تیراہ کے جنگل میں بھی آگ لگ گئی۔

ریسکیو کے مطابق آگ نے چار کلو میٹر تک قدرتی جنگل کو لپیٹ میں لے لیا ہے۔ آگ تیزی سے پھیل رہی ہے جس پر قابوپانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ آگ گزشتہ روز دوپہر کے وقت لگی۔ آگ لگنے کی وجوہات کا علم نہیں ہو سکا۔ ایف سی، ریسکیو اور محکمہ جنگلات کی ٹیمیں آگ بجھانے میں مصروف ہیں، قریبی آبادی کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے


متعلقہ خبریں