کرنل حسن کے قتل کا بدلہ لیں گے، پاسداران انقلاب


ایرانی پاسداران انقلاب کے کرنل حسن صیاد خدائی کی شہادت پر ایرانی صدر نے بدلہ لینے کا اعلان کردیا۔

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے مطابق حسن صیاد کے خون کا بدلہ ہر صورت لیا جائے گا۔ ایرانی وزارت خارجہ نے حسن صیاد کے قتل کے پیچھے اسرائیل کے ملوث ہونے کا دعوی کیا ہے۔

ایرانی پاسداران انقلاب کے مطابق دہشت گرد کارروائی میں عالمی عناصر ملوث ہیں مجرموں کو جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ گذشتہ روز تہران میں کرنل حسن صیاد خدائی کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔ خدائی مارے جانے والے قدس فورس کی دوسری اہم ترین شخصیت ہیں۔

اتوار کے روز موٹر سائیکل پر سوار دو مسلح افراد نے کرنل صیاد خدائی کو اُن کے گھر کے باہر ایک کار میں پانچ گولیاں ماریں، جس سے وہ موقع پر ہی ہلاک ہو گئے تھے۔

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے عمان روانہ ہونے سے قبل مہر آباد ہوائی اڈے پر منعقدہ پریس کانفرنس میں سکیورٹی حکام کو اس قتل کی سنجیدگی سے پیروی اور تفتیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ایران کے لیے ایٹمی ہتھیار بنانا چند ہفتوں کا معاملہ ہوگا، امریکہ

ابراہیم رئیسی نے مزید کہا تھا کہ وہ لوگ جو چوک میں حرم اور مقدس کا دفاع کرنے والوں سے ہار گئے، وہ اس طرح اپنی مایوسی ظاہر کرنا چاہتے ہیں۔

کرنل صیاد خدائی ایلیٹ قدس فورس کے ایک سینیئر رکن تھے۔ یہ فورس پاسداران انقلاب (آئی آر جی سی) کی ایک بیرونی شاخ ہے جس کے فرائض میں بیرون ملک کارروائیاں کرنا شامل ہے۔ امریکہ اس ایلیٹ فورس پر دہشت گرد تنظیموں کی حمایت اور پورے مشرق وسطیٰ میں حملوں کا ذمہ دار ہونے کا الزام عائد کرتا ہے۔

خیال رہے کہ خدائی حالیہ برسوں میں مارے جانے والے قدس فورس کے دوسری اہم ترین شخصیت ہیں۔  2020 میں ایران کے انتہائی طاقتور سمجھے جانے والے فوجی کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کو عراق میں امریکہ نے ایک ڈرون حملے میں ہلاک کر دیا تھا۔


متعلقہ خبریں