یاسین ملک کی سزا کیخلاف مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال

فوٹو: فائل


سرینگر: حریت رہنما یاسین ملک کو جعلی مقدمے میں سزا کے خلاف آج مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال ہے۔

کشمیر میڈیا سروس (کے ایم ایس) کے مطابق حریت رہنما یاسین ملک کو جعلی مقدمے میں سزا دینے کے خلاف مقبوضہ کشمیر میں آل پارٹیز حریت کانفرنس کی اپیل پرمکمل ہڑتال ہے۔ مقبوضہ وادی میں دکانیں، کاروباری مراکز اور تعلیمی ادارے بند اور سڑکیں سنسان  ہیں۔

حریت رہنما یاسین ملک کی سزا کے خلاف مختلف علاقوں میں احتجاجی ریلیاں بھی نکالی جا رہی ہیں جبکہ قابض بھارتی فورسز نے کشمیریوں کے احتجاج کو طاقت سے دبانے کے لیے اضافی نفری تعینات کر دی۔

قابض بھارتی فورسز نے متعدد سڑکوں کو رکاوٹیں اور خاردار تاریں لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔ بھارت کی کٹھ پتلی انتظامیہ نے بہت سے علاقوں میں انٹرنیٹ اورموبائل سروس بھی بند کر دی۔

یہ بھی پڑھیں: حریت رہنما یاسین ملک کو فوری رہا کیا جائے، وزیر خارجہ

بھارت کی بدنام زمانہ تفتیشی ایجنسی نے جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے رہنما یاسین ملک کو دہشت گردی کی معاونت اور دیگر جھوٹے مقدموں میں مجرم قرار دیا ہے جس پر انہیں کل سزا سنائی جائے گی۔

واضح رہے کہ یاسین ملک طویل عرصے سے بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں قید ہیں۔


متعلقہ خبریں