پی ٹی آئی مارچ کسی صورت اسلام آباد نہیں پہنچے گا، 10 بندے بھی اٹک پل کراس نہیں کرسکیں گے: وزیر داخلہ


اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے اعلان کیا ہے کہ پی ٹی آئی  مارچ کسی صورت اسلام آباد نہیں پہنچے گا، 10 بندے بھی اٹک پل کراس نہیں کرسکیں گے۔

اسلام آباد ہر صورت جائیں گے، نیوٹرلز اور ججز کے لیے فیصلہ کن وقت ہے،عمران خان

ہم نیوز کے مطابق انہوں نے کہا کہ عمران خان اسلام آباد  کا محاصرہ کرنا چاہتے ہیں، ہم ایسا نہیں کرنے دیں گے، عمران خان کو روکنے کیلئے پوری قوم کو حکومت کا ساتھ دینا چاہیے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا کہ انہوں نےاپنی تقریروں میں کہا یہ خونی مارچ ہو گا،
عمران خان عوام کو اشتعال دلا رہے ہیں، اطلاعات کے مطابق تحریک انصاف کے کارکن اسلحہ جمع کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ریڈ زون سمیت پورے اسلام آباد کی سیکیورٹی اہم ہے، ریڈ زون کی فول پروف سیکیورٹی یقینی بنائی جائے گی، انتظامیہ نے درخواست کی تو رینجرز اور فوج کو بھی طلب کیا جا سکتا ہے۔

قبل ازیں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد اراکین کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لانگ مارچ کو روکنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ عمران خان قوم کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں جب کہ وفاقی کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ فتنہ فساد مارچ کی اجازت نہیں دی جائے گی، آئین اور قانون پر عمل کیا جائے گا۔

عمران خان کو آنے دیں، لانگ مارچ حکومت نہیں اسٹیبلشمنٹ کیخلاف ہے، مریم نواز

رانا ثنا اللہ نے کہا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت آئینی عمل کے ذریعے ہٹائی گئی اور عمران خان اس آئینی عمل کو بھی تسلیم نہیں کر رہے، عمران خان نے حکومت کو ہٹانے پر دباؤ ڈالنے کے لیے مارچ کا اعلان کیا اور جس لانگ مارچ کی بات کی جا رہی ہے اس کو خونی مارچ کہہ رہے ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا تھا کہ ماضی میں پی ٹی آئی نے جو دھرنا دیا وہ انتشار کے سوا کچھ نہیں تھا، پی ٹی آئی والے گالیوں سے گولیوں پر آ گئے ہیں، اسی وجہ سے گزشتہ رات پولیس اہلکار جاں بحق ہوا، پی ٹی آئی کی لیڈر شپ پشاور میں ہے اور پی ٹی آئی والوں کو خبردار کرنا چاہتا ہوں کہ یہ قومی مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پارٹی کے لوگوں کو کہا کہ مخالف پارٹی کو چور یا غدار کہیں۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما اور وزیراعظم کے مشیر قمر الزمان کائرہ نے کہا کہ عمران خان سے کسی اچھے لفظ کی توقع نہیں، عمران خان نے خاتون کے لیے غیرمناسب زبان استعمال کی۔

رانا ثنا اللہ کا اپنا کرمنل ریکارڈ ہے، تاریخ کا سب سے بڑا احتجاج ہو گا: فواد چودھری

قمر الزماں کائرہ نے کہا کہ صدر مملکت کا رویہ بھی قابل مذمت ہے اور صدر مملکت کے رویے کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کی باتیں 2014 کا ہی تسلسل ہے اور عمران خان سیاسی آدمی نہیں ہیں۔


متعلقہ خبریں