خونی مارچ کا اعلان کر کے آنے والوں کو کس طرح اجازت دی جائے، وفاقی وزیر اطلاعات


اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ خونی مارچ کا اعلان کر کے آنے والوں کو کس طرح اجازت دی جائے۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کل پولیس اہلکار کو شہید کیا گیا جس کی مذمت کرتے ہیں اور وفاقی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ حکومتی رٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت فتنے ٹولے سے شہریوں کی حفاظت کرے گی اور ریاست کی رٹ پر عمل درآمد ہر صورت یقینی بناتے ہوئے شہریوں کے جان و مال کا تحفظ کیا جائے گا۔ یہ دھرنا ہے کس چیز کا ؟ اگر الیکشن کا دھرنا ہے تو آپ وزیر اعظم تھے الیکشن کال کرتے۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد ہر صورت جائیں گے، نیوٹرلز اور ججز کے لیے فیصلہ کن وقت ہے،عمران خان

مریم اورنگزیب نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کل پولیس اہلکار شہید ہوا لیکن آپ نے مذمت تک نہیں کی۔ آج خونی مارچ ہو گا، میں آرہا ہوں، یہ ان کے کھلم کھلا اعلانات ہیں اور اگر ان کا مقصد فساد یا انتشار نہیں تو پشاور سے کیوں نکل رہے ہیں۔ جس کی زبان شر انگیز ہے وہ کس طرح پر امن مارچ کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ آج ملک کی معیشت غیر مستحکم ہے اور پشاور میں حکومتی وسائل کا استعمال کر کے اسلام آباد پر یلغار کی جائے گی۔ اگر کوئی خونی مارچ کا اعلان کر کے آئے گا تو اجازت کیسے دی جا سکتی ہے۔ ملک آج غیر معمولی صورتحال سے گزر رہا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ملک ان کی وجہ سے غیر معمولی صورتحال سے گزر رہا ہے۔ یہ جھوٹ بولتے ہیں، جھوٹ بولتے ہیں اور صرف جھوٹ بولتے ہیں۔ عمران خان اپنی نااہلی اور کرپشن کے خلاف دھرنا دے رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں