لاہور پولیس کا پی ٹی آئی کے مقامی عہدیدارکے گھر سے اسلحہ برآمد کرنے کا دعویٰ


لاہور پولیس  نے پی ٹی آئی لاہور کے جنرل سیکرٹری زبیر نیازی اور بجاج نیازی کے گھر سے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کرنے کا دعوی کیا ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کیپٹن (ر) محمد سہیل چودھری کا کہنا ہے کہ زبیر نیازی کے گھر پر گزشتہ رات چھاپہ مارا ۔ چھاپے کے دوران اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق تیرہ ایس ایم جی رائفلز، تین پسٹل، چھ عدد دو سو تئیس بور گنز، دس رائفلز اور گولیاں برآمد کی گئی ہیں۔

ڈی آئی جی آپریشنز نے دعوی کیا ہے کہ یہ اسلحہ لانگ مارچ کےلیے استعمال ہوناتھا۔لانگ مارچ کو قانون کے مطابق ڈیل کریں گے۔مظاہرین سے درخواست کریں گے کہ قانون کے مطابق احتجاج کریں۔

انہوں نے کہاہے کہ ہم پوری طرح سے الرٹ ہیں۔ نقص امن کو دیکھتے ہوئے دفعہ ایک سو چوالیس نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:لانگ مارچ سے پہلے تحریک انصاف کے دو اہم رہنماوں کی گرفتاری

مریم نواز شریف نے  بھی  ٹوئٹر پر ایک پیغام میں دعوی کیا ہے کہ پنجاب لاہور پولیس نے پی ٹی آئی کے عہدیداروں زبیر نیازی اور بجاش نیازی کی گاڑیوں سے اسلحہ برآمد کیا ہے، مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز  کا کہنا ہے کہ  یہ نام نہاد لانگ مارچ کا بدصورت چہرہ ہے یہ ارادے ہیں۔


دوسری جانب زبیر نیازی اور بجاج نیازی نے گھر سے اسلحہ بر آمد کرنے کا الزام مسترد کر دیا ہے ان  کا کہنا ہے کہ اسلحہ گھر سے نہیں اسلحہ کی دکان سے اٹھایا گیا۔ اسلحہ اور دکان کی تمام دستاویزات موجود ہیں۔


متعلقہ خبریں