حکومت آئیں بائیں شائیں نہ کرے، سنجیدگی دکھائے، شاہ محمود قریشی


پشاور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومت آئیں بائیں شائیں نہ کرے بلکہ سنجیدگی دکھائے۔

پی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی نے لانگ مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت شیلنگ اور لاٹھی چارج سے کتنی دیر لوگوں کو مرعوب کرے گی۔ اٹک پل سے کنٹینر ہٹا دیئے گئے ہیں اور ہم چاہتے ہیں نتیجہ خیز مذاکرات ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی قیادت انتخابات کے لیے تیار ہے تاہم پیپلزپارٹی ن لیگ کو آگے بڑھنے نہیں دے رہی اور حکومت آئی ایم ایف سے مذاکرات کا بہانہ بنا رہی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مذاکرات میں وقت لگ سکتا اور اس کی آڑ میں بہانہ بنانے نہیں دیں گے۔ مذاکرت کی آڑ میں یہ کوئی بہانہ بنانا چاہتے ہیں وہ قابل قبول نہیں ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات کا اعلان کریں تو اصلاحات کے لیے حکومت سے بات چیت کے لیے تیار ہیں۔ حکومت آئیں بائیں شائیں نہ کرے سنجیدگی دکھائے اور ہم پوری کوشش کر رہے ہیں کہ مارچ پرامن ہو۔

یہ بھی پڑھیں: سابقہ حکومت کے پاس مہنگائی کو کنٹرول کرنے کا وقت نہیں تھا، وزیر اعظم

سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ حکومت نے طاقت کا بے دریغ استعمال کیا لیکن اب حکومت اسمبلیاں توڑتے ہوئے انتخابات کرانے کا اعلان کرے۔ حکومت نے انتخابات کا اعلان کیا تو بات چیت کے لیے تیار ہیں۔ ملک ڈوب رہا ہے اور ان کے پاس کوئی یکسوئی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک اور اداروں کا نقصان ہو رہا ہے اور اس وقت شہباز شریف کی کوئی نہیں سن رہا۔


متعلقہ خبریں