تیل کی قیمتیں نہ بڑھائی گئیں تو ملک ڈیفالٹ ہو سکتا ہے، مریم نواز


لاہور: مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ تیل کی قیمتیں نہ بڑھائی گئیں تو ملک ڈیفالٹ ہو سکتا ہے۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے شہید پولیس اہلکار کے گھر پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہید پولیس اہلکار کو تحریک انصاف کے ایک رکن نے شہید کر دیا تھا اور شہید اہلکار کے اہل خانہ سے مل کر آئی ہوں جس کا خون عمران خان کے سر ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہید اہلکار کی بیوہ نے کہا ان کے پاس گھر نہیں تو شہباز شریف نے اس بیوہ سے فون پر بات کی اور یقین دہانی کرائی کہ حکومت انہیں گھر دے گی۔ وزیراعظم نے شہید اہلکار کے بچوں کے تعلیمی اخراجات اٹھانے کی بھی یقین دہانی کرائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس کو انقلاب کا نام دیا گیا وہ انقلاب نہیں انتشار تھا اور لوگ جعلی ڈرامے، انقلاب اور سازش کو پہچان گئے ہیں۔ حقیقی انقلاب کا سفر تو اپنے گھر سے شروع ہوتا ہے۔ عمران خان آزادی دلانی ہے تو پہلے اپنے بچوں کو لندن سے لائیں۔

مریم نواز نے کہا کہ 25 لاکھ کا دعویٰ کرنے والے 20 ،50 ہزار بندے اکٹھے نہیں کر سکے اور لوگ پوچھتے ہیں آپ نے 4 سال کیا کیا ؟ عوام آپ کے جھوٹے خط اور جعلی انقلاب کو سمجھ گئے ہیں جبکہ پورے خیبر پختونخوا سے عمران خان کے لیے 20 ہزار افراد بھی نہیں نکلے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی طرف سے 6 دن کا الٹی میٹم خفت مٹانے کے لیے ہے، عمران خان پشاور کے بنکر میں بندے ڈھونڈنے گئے ہیں؟ کل رات تک ہر چیز کنٹرول میں تھی اور سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد انہیں کھلی آزادی ملی اور ان کے انتشار کا ایجنڈا ایکسپوز ہوا۔ ان ریمارکس سے افسوس ہوا کہ شاید عمران خان تک درست پیغام نہیں پہنچا، سپریم کورٹ سے اپیل ہے کہ وہ اپنے فیصلہ پر نظر ثانی کریں۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ انہوں نے دارالحکومت کو آگ لگائی، ان کو پتہ تھا یہ ڈی چوک میں نہیں آ سکتے اور ان کو معلوم تھا عدالت نے انہیں ایف نائن تک مختص کیا ہے۔ڈی چوک میں جو ہوا سب کے کیمرے وہاں موجود تھے۔ ہم نے وہ ویڈیو بھی دیکھی کہ پی ٹی آئی کی ایک خاتون ورکر پولیس اہلکار کو مسلسل گالی دے رہی تھی۔

انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ کا دعویدار جلسوں میں خواتین پر جملے کستا ہے اور قوم نے عمران خان کو ایبسلوٹلی ناٹ کہہ دیا ہے۔ کانسٹیبل پر گولی چلانے والوں پر مقدمہ درج ہونا چاہیے اور جن کے گھروں سے اسلحہ نکلا ان کے خلاف بھی پرچے ہونے چاہئیں۔ اسلام آباد میں جلاؤ گھیراؤ عمران خان اور شیخ رشید کی تعلیمات پر کیا گیا۔ پنجاب کے عوام نے ان کو مکمل مسترد کر دیا ہے۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے کہا کہ پیٹرول اور بجلی کی قیمتیں نہ بڑھائی گئیں تو ملک دیوالیہ ہو سکتا ہے۔


متعلقہ خبریں