پاکستان پیپلزپارٹی کا انتخابی منشور :زراعت کو اولیت حاصل ہوگی


لاہور: پاکستان پیپلزپارٹی آئندہ انتخابی منشور میں زراعت کو اولین ترجیح دے گی، توانی و صنعت کے شعبوں پر توجہ مرکوز (فوکس) رکھی جائے گی اور خارجہ و داخلہ پالیسیوں کو بہتر بنایا جائے گا۔ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری آئندہ ہفتے عام انتخابات 2018 کے لیے بنائے جانے والے پارٹی منشور کا اعلان کریں گے۔

’ہم نیوز‘ کو ذمہ دار ذرائع نے بتایا کہ پیپلزپارٹی کا انتخابی منشور تیاری کے حتمی مراحل میں ہے۔ انتخابی منشورکو حتمی شکل دینے کے لیے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پارٹی کے مسلسل اجلاس منعقد ہورہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق انتہا پسندی اوردہشت گردی کے خاتمے کے لیے واضح حکمت عملی بھی پی پی پی کے انتخابی وعدوں کا حصہ  ہوگی۔  تعلیم و صحت کے شعبوں میں انقلابی اصلاحات اور بیروزگاری کا خاتمہ پارٹی کی اولین ترجیح گردانا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق پی پی پی منشور میں ’انتخابی وعدہ‘ کرے گی کہ برسراقتدار آکر نظام عدل میں اصلاحات لائے گی، احتساب کے نظام کو شفاف بنائے گی، بین الصوبائی ہم آہنگی کو فروغ دے گی اور جنوبی پنجاب صوبے کا قیام عمل میں لائے گی۔

ذمہ دار ذرائع کے مطابق مالی وسائل کی مساوی تقسیم،  قدرتی وسائل پر اٹھارویں ترمیم کے تحت صوبوں کا حق یقینی بنانا، چھوٹے صوبوں کی محرومیاں ختم کرنا اور دیہی آبادی کو شہروں کے برابر لانے کا وعدہ بھی پیپلزپارٹی کے انتخابی منشور کا حصہ ہوگا۔

ذرائع کے مطابق انتخابی منشور میں وعدہ کیا جائے گا کہ بلوچستان کا احساس محرومی ختم کرنے کے لیے بڑے سیاسی، انتظامی اورمالی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ پارٹی یہ وعدہ بھی کرے گی کہ وہ فاٹا کو خیبرپختونخوا میں ضم کرنے کے لیےتمام اقدامات اٹھائے گی۔

پاکستان پیپلزپارٹی انتخابی منشور میں وعدہ کرے گی کہ وہ نوجوانوں کو فیصلہ سازی اور اہم امور میں شامل کرےگی، خواتین، غیرمسلم آبادیوں اور کمزور طبقات کے حقوق کی حفاظت یقینی بنائے گی، صنعتی شعبے میں اصلاحات لائے گی اورمحنت کشوں کے حقوق کے حصول کو یقینی بنائے گی۔

ذرائع کے مطابق آئندہ عام انتخابات 2018 کے لیے جاری کردہ پارٹی منشور میں پاکستان پیپلزپارٹی اس بات پر زور دے گی کہ خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات میں بہتری برابری کی بنیاد پرلائی جائے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے انتخابی منشور میں زرعی ٹیوب ویلز کو بجلی کی مفت فراہمی کا وعدہ کیا جائے گا۔ پارٹی کے انتخابی منشور میں اس بات کی بھی یقین دہانی کرائی جائے گی کہ کھاد، زرعی ادویات، بیج اور دیگر اشیا کے آسان حصول کی خاطرکسان کارڈ جاری کیے جائیں گے۔

بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں انقلابی اصلاحات کا وعدہ بھی پاکستان پیپلزپارٹی کے انتخابی منشور کا حصہ ہوگا۔


متعلقہ خبریں