اوورسیز پاکستانی کے ووٹ کا حق ختم نہیں کیا گیا، وزیر قانون


اسلام آباد: وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانی کے ووٹ کا حق ختم نہیں کیا گیا۔

وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) قانون کا بے دریغ استعمال کیا گیا اس لیے نیب قانون میں ترامیم کی گئی ہیں جبکہ اوورسیز پاکستانی کے ووٹ کا حق ختم نہیں کیا گیا وہ ہمارا اثاثہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تارکین وطن کا معاشی ترقی میں اہم کردار ہے۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے بہت عجلت میں یہ بل منظور کیا تھا اور اس وقت بھی حزب اختلاف نے تمام جماعتوں کی رائے لینے کا کہا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ، ٹرانسپورٹرز نے کرائے بڑھا دیئے

اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ کمیٹی نے کثرت رائے سے انتخابی اصلاحات کو مسترد کیا تھا، الیکشن کرانا اور اس کا طریقہ کار وضع کرنا الیکشن کمیشن کا کام ہے۔ الیکشن کمیشن نے کہا تھا ایک سال میں ای وی ایم سے انتخابات ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیب نے سیاست میں بھر پور کردار ادا کیا اور نیب کردار پر ہی عدالت نے فیصلوں میں لکھا کہ سیاسی انجنیئرنگ کر رہا ہے۔

وزیر قانون نے کہا کہ تارکین وطن کو اسمبلی میں نمائندگی کے لیے قانون سازی پر کام ہو رہا ہے اور ماضی میں احتساب کے نام پر سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا۔ نیب قانون کے تحت ضمانت نہ ہونا انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے اور 90 روز کا ریمانڈ دہشت گردی کے مقدمات کے لیے تھا جسے غلط استعمال کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ نیب قوانین کی آڑ میں سرکاری ملازمین کو ہراساں کیا گیا اور نیب کیس میں گرفتاری صرف چیئرمین نیب کا اختیار تھا۔ چیئرمین نیب کی دوبارہ تعیناتی کی شق ختم کر دی گئی ہے اور موجودہ چیئرمین نیب کے عہدے میں توسیع کا آرڈیننس 2 جون کو ختم ہو رہا ہے۔ بل پر دستخط ہوتے ہی چیئرمین نیب کا عہدہ خالی ہو جائے گا۔


متعلقہ خبریں