طلال چودھری کے حق میں رکشہ ایسوسی ایشن گواہی دے گی


اسلام آباد: وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے حق میں وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، وزیراعظم کے معاون خصوصی مصدق ملک، جڑانوالہ رکشہ ایسو سی ایشن کے صدر عطا محمد، صدر ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن فیصل آباد اسرار خان، ممبر قومی اسمبلی شھباز بابر، رکن اسمبلی سید عاشق حسین کرمانی اور ندیم عباس گواہی دیں گے۔

یہ گواہان وفاقی وزیر مملکت طلال چودھری کے حق میں سپریم کورٹ میں گواہی دیں گے۔ تمام گواہان کی فہرست وفاقی وزیر کے وکیل کامران مرتضیٰ نے جمع کرائی ہے۔وفاقی وزیر مملکت کے خلاف توہین عدالت ازخود نوٹس کیس کی سماعت ہورہی ہے۔

عدالت عظمیٰ  نے پیمرا کےجنرل منیجر(جی ایم) آپریشن محمد طاہر کوبھی بطور گواہ طلب کیا ہے اور کیس سے متعلق تمام ریکارڈ ساتھ لانے کی ہدایت کی ہے۔

سپریم کورٹ کے جج جسٹس گلزاراحمد  نے دوران سماعت ریمارکس دیے کہ آپ نے کچھ ایم این ایز اور ایم پی ایز کو گواہ بنایا ہے ان کا کیا کام، یہ بیان دے کر کیا کریں گے؟ ایسے گواہ آپ کے موکل کا کیس خراب کر دیں گے۔ کہیں ایسا نہ ہو جن گواہان کے نام پیش کیے ہیں وہ آکر آپ کے خلاف بات کریں۔

بینچ کے سربراہ نے کہا کہ گواہوں کوساتھ لے کر آتے۔

طلال چوہدری کے وکیل نے جواب دیا کہ گواہان کی فہرست پیش کرنے کا صرف کل تک آخری دن تھا اور فہرست آج ہی فائنل کی ہے، انہیں عدالت  بھی لے آئیں گے۔ گواہان کی رضا مندی لینا پڑتی ہے ان سے یہ بھی پوچھنا تھا کہ وہ پیش ہوسکتے ہیں یا نہیں؟

جسٹس گلزار نے کہا کہ یہ سارے کام آپ کو پہلے کر لینے چاہیے تھے۔

وکیل طلال چودھری، کامران مرتضیٰ نے جواب دیا کہ عدالتوں میں آکر گواہان بیان ریکارڈ کروانے میں گھبراتے ہیں، ہمیں ایک ہفتہ کا وقت دیا جائے۔

جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ ایک ہفتہ نہیں دیں گے اس کیس کو طوالت نہیں دے سکتے آپ کل گواہان کو عدالت لے آئیں۔

طلال چوہدری کے وکیل نے بتایا کہ اتنی جلدی گواہان کو لے کر آنا ممکن نہیں۔

عدالت نے طلال چوہدری کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کل تک ملتوی کردی۔


متعلقہ خبریں