حکومت الیکشن شیڈول کا اعلان کرے ہم بات چیت کیلئے تیار ہیں، فواد چودھری


اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ کوئی عزت دار شخص موجودہ سسٹم کے ذریعے عہدہ قبول نہیں کرے گا۔ حکومت الیکشن شیڈول کا اعلان کرے ہم بات چیت کیلئے تیار ہیں۔

سابق وفاقی وزیر اطلاعات اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چودھری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب بغیر حکومت کے چل رہا ہے اور حمزہ شہباز غیر قانونی طریقے سے وزیراعلیٰ بنے ہیں۔ حمزہ شہباز کا مقدمہ روزانہ کی بنیاد پر چلنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اسپیکر ری الیکشن کا آرڈر کریں اور سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد حمزہ شہباز وزیر اعلیٰ نہیں رہے اور حمزہ شہباز کے پاس اب اکثریت بھی نہیں رہی۔ پنجاب کے لوگوں کو آئینی حق سے محروم نہ کیا جائے۔کوئی عزت دار شخص موجودہ سسٹم کے ذریعے عہدہ قبول نہیں کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں: ملک اولین ترجیح ہے،عمران خان نے شہباز شریف کی پیشکش کا مذاق اڑایا، وفاقی وزیر قانون

فواد چودھری نے کہا کہ کوئی عزت دار شخص موجودہ سسٹم کے ذریعے عہدہ قبول نہیں کرے گا۔ الیکشن کمیشن نے آئین کے آرٹیکل 224 کو معطل کر دیا ہے اور کوشش کی جارہی ہے کہ کسی طرح غیر آئینی انداز سے حمزہ شہباز کو وزیر اعلیٰ رہنے دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کوئی شدت پسند گروہ نہیں اور ایسا نہیں ہوتا کہ بات چیت نہ کریں بلکہ آپ پہلے الیکشن کا شیڈول دیں پھر ہم بات چیت کریں گے اور الیکشن کی ٹرمز اور فریم کے لیے بیٹھیں گے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہم مذاکرات کے ذریعے ہی آگے بڑھنا چاہتے ہیں تاہم اب اسپیکر کے پاس کوئی اختیار نہیں کہ وہ ہمیں طلب کر کے ہماری رائے لیں اور جب اسپیکر کے پاس رائے لینے کا اختیار ہی نہیں تو اراکین ان کے پاس کیوں جائیں۔


متعلقہ خبریں