غیر سنجیدہ لوگ ہم پر مسلط ہیں، فواد چودھری


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ غیر سنجیدہ لوگ ہم پر مسلط ہیں، جو کام نہیں ہو رہا اس کے ساتھ چپکنا ضروری نہیں۔

سابق وفاقی وزیر اطلاعات اور پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ الیکشن کمیشن نے جس طرح فیصلے کو محفوظ کیا وہ بھی غیر آئینی ہے جبکہ لوٹا ایسوسی ایشن کی طرف سے بنائے گئے الیکشن کمیشن پر کتنا اعتبار کریں۔

انہوں نے کہا کہ آئین کے تحت پی ٹی آئی ارکان کو نوٹیفائی کیا جانا ہے اور 10 دن ہو گئے ابھی تک نوٹیفائی کیوں نہیں کیا گیا ؟ الیکشن کمیشن حمزہ شہباز کی اقلیتی حکومت کو برقرار رکھنا چاہتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کو دوسرا یوکرین بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے، شیخ رشید

فواد چودھری نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت آئینی بحران ہے اور وزیر اعظم ترکی 54 افراد کو ساتھ لے گئے ہیں۔ پنجاب اسمبلی میں 5 مخصوص نشستوں پر لوگ ڈی سیٹ ہوئے ہیں۔ ہائی کورٹ میں کیس چل رہا ہے اور الیکشن کمیشن نئے لوگوں کو نوٹیفائی ہی نہیں کر رہا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت بننے کے بعد پاکستان میں ان کے دن کم اور بیرون ملک زیادہ ہیں۔ غیر سنجیدہ لوگ ہمارے اوپر مسلط ہیں اور جو کام ہو نہیں رہا اس کے ساتھ چپکنا ضروری نہیں ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ بدترین لوڈشیڈنگ نے ملک کو بحران میں مبتلا کر دیا ہے۔ گوجرانوالہ کے اکھاڑے خرم دستگیر کے منتظر ہیں اور خرم دستگیر مہربانی کریں، استعفیٰ دے کر گوجرانوالہ پہنچیں۔ مصدق ملک شریف آدمی ہیں وہ خود ہی عزت سے علیحدہ ہو جائیں۔


متعلقہ خبریں