عمران خان کی ملک سے والہانہ محبت پوری قوم جانتی ہے، تاریخ سے سبق سیکھنا چاہئے، شاہ محمود قریشی


سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ عمران خان ملک سے جس طرح والہانہ محبت کرتے ہیں اسے پوری قوم جانتی ہے، ہمیں تاریخ سے سبق سیکھنا چاہئے اور تاریخ بتاتی ہے کہ جب ماضی میں ہم سے غلطیاں ہوئیں تو ملک دو لخت ہو گیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین نے اہم بیان دیا کہ اس ملک کی سلامتی اور بقا،ہر پاکستانی کو اپنی جان سے زیادہ عزیز ہے، ماضی میں ہماری غلطیوں کے باعث بلوچستان میں شورش نے جنم لیا، ماضی میں امن مخالف قوتوں نے “پختونستان” کا شوشہ چھوڑا اور ملک میں تقسیم پیدا کرنے کی کوشش کی، ہمارے اداروں اور عوام کو ماضی سے سبق سیکھتے ہوئے، ملک کی سلامتی اور یکجہتی کیلئے درست فیصلے کرنا ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان نے راہداری ضمانت کیلئے پشاور ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اپنی دفاعی قوت کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے، مت بھولیے کہ ایسی قوتیں ہیں جو پاکستان کو اندرونی طور پر کھوکھلا کرنا چاہتی ہیں، اس وقت، مخدوش معاشی صورتحال سے نمٹنا ہمارے لیے سب سے بڑا چیلنج ہے، موجودہ معاشی صورتحال کے باعث ملک دیوالیہ ہونے کے قریب ہے، اگر خدانخواستہ ملک دیوالیہ ڈیکلئیر ہوتا ہے تو جو پابندیاں ہم پر عائد ہوں گی وہ موجودہ پابندیوں سے کہیں زیادہ سنگین ہو سکتی ہیں۔

ہمارے دفاعی اثاثے، جو ہماری بقا کیلئے ناگزیر ہیں وہ بھی ان پابندیوں کی زد میں آ سکتے ہیں، عمران خان ہمیشہ مضبوط قومی فوج کے داعی رہے ہیں، انہوں نے کئی فورمز پر واضح کیا ہے کہ جب کسی ملک کو نشانہ بنایا جاتا ہے تو اس کے اداروں کو کمزور کیا جاتا ہے جس طرح انہوں نے عراق کی مثال دی، پاک فوج ہماری قومی، جغرافیائی اور نظریاتی حدود کے تحفظ اور دفاع کی ضامن ہے، عمران خان اداروں کو مضبوط اور مستحکم دیکھنے کے حامی ہیں۔


متعلقہ خبریں