نواز شریف عدالت میں طوطا مینا کی کہانیاں سناتے ہیں، فواد چوہدری


لاہور: تحریک انصاف کے ترجمان  فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نوازشریف کو قوم سے معافی مانگنی چاہیے تھی لیکن اُنہیں تو اپنے کیے گئے اقدامات پر کوئی افسوس نہیں، نواز شریف نے منی ٹریل اور کارگل جنگ کے بارے میں کوئی بات نہیں کی۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کے بیان کے بعد لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جاوید ہاشمی باغی بنے پھرتے ہیں، آئی جے آئی کے وقت اُنہوں نے 87 لاکھ روپے نقد وصول کیے تھے جبکہ خود نوازشریف نے بھی جنرل ( ر) اسلم بیگ اور جنرل درانی سے پیسے لیے تھے۔

رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ عدالت نواز شریف سے کچھ  پوچھتی رہی اور میاں صاحب عدالت میں طوطا مینا کی کہانیاں سناتے رہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ نواز شریف کے تین مقدمات آخری مراحل میں ہیں لیکن انہوں نے عدالت کے 128 سوالوں میں سے کسی ایک کا بھی ڈھنگ سے جواب نہیں دیا بلکہ عدالت میں سیاسی بیانیہ پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا  شکوہ ہے کہ اُن کے خلاف اسکینڈل کی تحقیقات کیوں ہوئیں ؟ پاناما پیپرز پر آئس لینڈ کے وزیراعظم کو گھر جانا پڑا تھا، پاناما کا معاملہ سامنے آیا تو منی لانڈرنگ کے خلاف پوری دنیا میں ایک مہم چل گئی تھی، نواز شریف کو پاکستان سے محبت ہوتی تو 300 ارب روپے باہر نہیں جاتے،  نواز شریف بتائیں کہ ان کے بچوں کے اکاؤنٹس میں 300 ارب روپے کی رقم کہاں سے آئی ؟

فواد چوہدری نے دعویٰ کیا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان ہی پاکستان کے وزیراعظم بنیں گے، نواز شریف تو کونسلر کا الیکشن ہی نہیں لڑسکے تھے لیکن اُنہیں پنجاب کا وزیراعلیٰ بنایا گیا تھا۔

رہنما تحریک انصاف نے الزام کیا کہ نواز شریف پاکستان کے سیاسی ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور اُن کا مقصد اپنی جائیدادیں بچانا ہے۔


متعلقہ خبریں