جارح مزاج  بلے باز اے بی ڈی ویلیئرز نے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کر لیا


کیپ ٹاؤن: جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور جارح مزاج  بلے باز ابراہم بینجامن ڈی ویلئیر نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا  ہے۔  ڈی ویلیئرز انڈین لیگ کے بعد کسی ٹورنامنٹ میں نہیں کھیلیں گے۔

اپنے ویڈیو پیغام میں اے بی ڈی ویلیئرز کا کہنا تھا کہ تھک گیا ہوں اس لیے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا ہے، بھارت اور آسٹریلیا سے سیریز جیتنے کے بعد ریٹائرمنٹ کا بہترین موقع  ہے۔

اے بی کے نام سے شہرت پانے والے ڈی ویلیئرز 17 فروری 1984 میں جنوبی افریقہ میں پیدا ہوئے، اے بی نے اپنے کیرئیر کا آغاز وکٹ کیپر بلے باز کی حیثیت سے کیا اور شاندار کارکردگی کی بدولت دنیائے کرکٹ کے عظیم  بلے بازوں میں شمار ہوئے۔

گراؤنڈ میں چاروں طرف کھل کر شاٹس کھیلنے پر انہیں مسٹر 360  اور سپر مین جیسے ناموں سے پکارا جانے لگا۔

123  ٹیسٹ میچوں میں اپنی ٹیم کی نمائندگی کرنے والے اے بی ڈی ویلئیرز نے  ٹیسٹ  کرئیر کا آغاز 2004  میں انگلینڈ کے خلاف میچ سے کیا اور 8765  رنز اپنے ریکارڈ میں لکھوائے جس میں 22 سنچریاں اور 46 نصف سنچریاں شامل ہیں۔

کرکٹ کی دنیا کے سپرمین  نے 123 ٹیسٹ، 228 ایک روزہ، 78  ٹی ٹونٹی اور 138 فرسٹ کلاس میچوں میں جنوبی افریقہ کی نمائندگی کی جبکہ 2012 تک انہیں موقع کی مناسبت سے وکٹ کیپنگ دی جاتی رہی۔

انہوں نے 278 کا دوسرا بڑا انفرادی اسکور بنایا اور ناٹ آؤٹ رہے، ان کے پاس 16 گیندوں پر تیز ترین نصف سنچری کا ریکارڈ بھی موجود ہے، وکٹ کیپر بلے باز 31 گیندوں پر تیز ترین سنچری اور 64 گیندوں پر 150 رنز جوڑ چکے ہیں۔

ڈی ویلیئرز ٹیسٹ فارمیٹ میں تیز ترین ایک ہزار رنز بنانے والے دوسرے جنوبی افریقن بلے باز ہیں، اس سے قبل یہ ریکارڈ جنوبی افریقہ کے ہی سابق بلے باز رابرٹ گریم  پولک کے پاس تھا۔

اے بی انڈین پریمیئر لیگ میں رائل چیلنجر بنگلور کی جانب سے بھی کھیل چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں