قوم فاقوں سے مر رہی ہے لیکن حکمراں مراعات میں کمی کو تیار نہیں، سراج الحق

فوٹو: فائل


لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ قوم فاقوں سے مر رہی ہے لیکن حکمراں اپنی مراعات میں کمی کو تیار نہیں۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے پارٹی کی مرکزی شوری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے حکم پر پیٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافہ کر کے پورے ملک میں ماتم برپا کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قوم استعماری طاقتوں اور عالمی مالیاتی اداروں کی غلامی میں پس رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: معاشی سلامتی کے بغیر دفاعی سلامتی بھی خطرے میں پڑ جاتی ہے، وزیر دفاع

سراج الحق نے کہا کہ حکمران اشرافیہ اپنی مراعات میں کمی کو تیار نہیں ہے اور سارا زور عوام کا خون نچوڑنے پر ہے۔ غریب کا بچہ بھوکا سوتا ہے اور لوگوں کے پاس علاج کے لیے وسائل نہیں مگر حکمرانوں کے محلات میں چار چار سرکاری گاڑیاں کھڑی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان حالات میں کہ جب قوم فاقوں سے مر رہی ہے آپ کو شاپنگ مالز کے باہر سرکاری گاڑیوں کی قطاریں نظر آئیں گی۔ ایئرپورٹس پر جائیں تو کوئی حکومتی وفد آ رہا ہے اور کوئی جا رہا ہے اور ان آنیوں جانیوں میں سرکاری خزانے سے اربوں روپے خرچ ہو رہے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ افسر شاہی، وزرا اور مشیران اپنی کارکردگی بتائیں۔ یہ لوگ باہر جا کر ملک کے پیسے سے بڑے بڑے ہوٹلوں میں رہائش اور اپنی فیملیز سے ملاقاتیں کرتے ہیں۔


متعلقہ خبریں