سازش کی ہے تو اب معیشت ٹھیک کر کے دکھائیں، عمران خان


اپردیر: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ چاہتا ہوں پاکستان کے نوجوان کبھی کسی کی غلامی قبول نہ کریں۔ سازش کی ہے تو اب معیشت ٹھیک کر کے دکھائیں۔

سابق وزیر اعظم اور پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان خان نے خیبر پختونخوا کے علاقے اپر دیر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سارا پاکستان ایک ہی آواز لگا رہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت نہ منظور اور میں چاہتا ہوں پاکستان کے نوجوان کبھی کسی کی غلامی قبول نہ کریں وہ انصاف اور حق کے لیے کھڑے ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میرے والدین نے تحریک پاکستان میں شرکت کی تھی اور تحریک انصاف کا منشور تحریک پاکستان اور قرارداد پاکستان سے لیا۔ ہندوستان میں موجود مسلمانوں نے بھی پاکستان کے لیے ووٹ دیا تھا اور پاکستان جس نظریے پر بنا تھا جب تک اس نظریہ پر نہیں جائیں گے قوم نہیں بن سکتے۔

عمران خان نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ملک میں تاریخی مہنگائی کی اور پیٹرول کی قیمت 60 روپے بڑھا دی گئی۔ ہم پر بھی آئی ایم ایف کا دباؤ تھا اور جب آئی ایم ایف نے دباؤ ڈالا تو ہم نے پیٹرول 10 روپے کم کر دیا تھا اور بجلی کی قیمت 4 روپے فی یونٹ کم کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نہ کسی کے آگے جھکتا ہے اور نہ کسی سے ڈرتا ہے کیونکہ کسی کے آگے جھکنا شرک ہے۔

یہ بھی پڑھیں: قوم فاقوں سے مر رہی ہے لیکن حکمراں مراعات میں کمی کو تیار نہیں، سراج الحق

عمران خان نے کہا کہ امریکہ، بھارت اور اسرائیل نے ہمارے خلاف سازش کی اور شہباز شریف کو ملک پر مسلط کیا۔ تحریک انصاف کی حکومت نے سب سے زیادہ ٹیکس اکٹھا کیا تھا۔ جب ہم آئے تھے پاکستان میں فی کس آمدن 16 ہزار 300 روپے تھی اور ہم جب گئے تو پاکستان میں فی کس آمدن 36 ہزار روپے سے زائد تھی۔

انہوں نے کہا کہ فضل الرحمان بھیس بدل کر عمرہ کرنے گئے تاکہ ڈیزل ڈیزل کا نعرہ نہ لگے۔ آصف زرداری، شہباز شریف اور نواز شریف کی دولت ملک سے باہر پڑی ہوئی ہے جبکہ موجودہ حکومت آئی اور ایکسپورٹ میں 10 فیصد کمی ہو گئی۔ امپورٹڈ حکومت نے رات کے اندھیرے میں پیٹرول کے بعد گیس کی قیمت بھی 45 فیصد بڑھا دی۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی حکومتیں ہمیشہ کرپشن پر گرائی جاتی تھیں اور بلاول بھٹو نے تو ہمارے دور میں اسلام آباد میں مہنگائی مارچ کیا لیکن ہماری حکومت مہنگائی کی وجہ سے نہیں بلکہ سازش کے تحت گرائی گئی ہے۔ ہمارے دور میں ملکی آمدنی میں 6 فیصد اضافہ ہوا تھا، ہم نے کسی صورت بھی یہ غلامی قبول نہیں کرنی۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے آٹا 38 فیصد، بڑا گوشت 20 فیصد، چاول کی قیمت 41 فیصد، مرغی کا گوشت 62 فیصد، گھی کی قیمت 50 فیصد، دالوں کی قیمتیں 22 فیصد بڑھا دی ہیں۔ پیاز کی قیمت 30 فیصد اور انڈے کی قیمت 24 فیصد بڑھا دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ن لیگی رہنما کیپٹن (ر)صفدر کیخلاف 2 مقدمات میں فرد جرم عائد

عمران خان نے کہا کہ شہبازشریف آج کل بہت زیادہ خوفزدہ ہیں اور کہتے ہیں کہ پتہ نہیں تھا بارود کی سرنگیں بچھائی گئیں اور شہباز شریف اگر آپ سے حکومت نہیں چلتی تو سازش کیوں کی تھی۔ شہباز شریف بوٹ پالش کر کے اقتدار میں آئے ہو اب ذمہ داری بھی لو۔ اب سازش کی ہے تو معیشت ٹھیک کر کے دکھائیں۔

انہوں نے کہا کہ کہتے ہیں شہباز شریف صبح 7 بجے کام پر پہنچ جاتا ہے تو کیا شہباز شریف عوام کو معاشی تباہی میں ڈبونے کے لیے 7 بجے دفتر جاتے ہیں؟ ڈونلڈ نے کہا کہ عمران خان کو نکالو ورنہ پاکستان کو مشکل کا سامنا کرنا پڑے گا جبکہ نیشنل سیکیورٹی کونسل نے تصدیق کی کہ بیرونی مداخت ہوئی ہے اور سازش سے آئی حکومت نے ملک کو مسائل میں ڈبو دیا۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کے لوگوں کو فیصلہ کرنے دو وہ کس قسم کی حکومت چاہتے ہیں۔ بھارت، اسرائیل اور امریکہ کو ہمارے مستقبل کا فیصلہ کرنے نہیں دیں گے۔


متعلقہ خبریں