پاکستان اگلے چند سالوں میں راکٹ کی طرح آگے بڑھے گا، وزیر اعظم


لاہور: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قرآن پاک کی تعلیمات پر عمل پیرا افراد ہی دین و دنیا کما رہے ہیں۔ پاکستان اگلے چند سالوں میں راکٹ کی طرح آگے بڑھے گا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے لاہور میں انڈس اسپتال کی افتتاحی  تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں نے آج ایسے ٹرسٹ اسپتال کا افتتاح کیا جس کے لیے عظیم پاکستانیوں نے کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ مخیر حضرات اللہ کی طرف سے دی گئی دولت میں سفید پوش کو بھی شامل کرتے ہیں۔ میرے لیے آج عزت اور فخر کا موقع ہے کیونکہ ایسے اسپتال کے افتتاح کا موقع ملا جسے ایسے لوگوں نے بنایا جو خدا ترس ہیں۔ وہ شخص جو رزق حلال کماتے ہیں۔ جو لوگ قرآن کی تعلیمات پر عمل پیرا ہیں وہی دین اور دنیا کما رہے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ 2013 میں ان لوگوں سے ملاقات ہوئی اور خیراتی اسپتال بنانے کا کہا۔ ہماری حکومت اس 60 بیڈ کے اسپتال کو چلانے سے قاصر تھی اور میں نے ان سے کہا یہ اسپتال سیاسی رنگ نہ اختیار کر جائے اس لیے یہ اسپتال ان کے حوالے کیا تو انہوں نے شاندار انداز میں چلایا۔ اس اسپتال میں 120 بیڈز کی توسیع کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ پورے علاقے کا مصروف ترین اسپتال ہو گیا ہے اور اسی کی توسیع کے لیے اڑھائی سو بیڈز کا ایک اور اسپتال بنایا گیا اور اس اسپتال کا نام طیب اردوان ہی رکھا گیا۔ کاہنہ میں بھی انہیں اشخاص کی مدد سے نیا اسپتال بنایا۔ سبزہ زار کا اسپتال، برکی میں زچہ بچہ اسپتال اور منانواں کا اسپتال ان کے حوالے کیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پتھروں سے قومیں ترقی نہیں کرتیں بلکہ قومیں علم اور جدت سے بنتی ہیں۔ حکومت پنجاب کا بجٹ حقداروں کو شفاف طریقے سے پہنچتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسائل کے حل کے لیے گرینڈ ڈائیلاگ کرنا ہو گا اور تمام اسٹیک ہولڈرز سے گرینڈ ڈائیلاگ کی ضرورت ہے۔ ہمسایہ ملک بھارت سے ہمارے تعلقات کشیدہ ہیں جبکہ میں یہاں کوئی سیاست کی بات نہیں کرنا چاہتا۔ ہمیں پسند ناپسند سے بالا تر ہونا ہو گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ بنگالی بوجھ نہیں تھے بلکہ انہیں بوجھ بنا کے الگ کیا گیا۔ ہمیں اگر آگے جانا ہے تو اپنی انا سے بالا تر ہو کر سوچنا ہو گا۔ دل پر پتھر رکھ کر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھائیں اب ہم 7 کروڑ عوام کو 2 ہزار روپے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ صحت اور تعلیم پر کمپرومائز نہیں ہونا چاہیے اور لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے میں جانتا ہوں لیکن مجھے آئے ہوئے ڈیڑھ ماہ کا عرصہ ہوا ہے۔ ساڑھے 3 سالوں میں جو ہوا اس کا حساب کون دے گا؟ مجھ سے ڈیڑھ ماہ کا حساب مانگا جا رہا ہے۔ میں نے بجلی کی لوڈ شیڈنگ 2 گھنٹے تک محدود کرنے کا کہہ دیا ہے۔

وزیر اعظم شہبازشریف نے میٹرو بس میں ٹکٹ کا نرخ آدھے کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اگلے چند سالوں میں راکٹ کی طرح آگے بڑھے گا اور اس کے لیے ہم سب کو محنت کرنی ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے انڈس اسپتال لاہور کا افتتاح کیا جہاں انہوں نے اسپتال انتظامیہ سے ملاقات بھی کی۔ انڈس اسپتال 600 بستروں پر مشتمل ہے۔

اسپتال میں بین الاقوامی معیار کے مطابق علاج و معالجے کی سہولیات مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔


متعلقہ خبریں