بی جے پی ترجمان کا گستاخانہ بیان: پاکستان سمیت اسلامی دنیا میں شدید ردعمل


اسلام آباد: بھارت میں برسر اقتدار انتہا پسند ہندو جماعت بی جے پی کی ترجمان کے گستاخانہ بیان پر پاکستان سمیت عالم اسلام میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے جس کی وجہ سے نہ صرف مختلف اسلامی ممالک نے بھارت کے سفرا کو طلب کر کے احتجاجی مراسلہ دیا ہے بلکہ بھارتی اشیا کی خریداری کا بائیکاٹ کرنے کی مہم بھی عوامی حمایت حاصل کر رہی ہے۔

سیکولر بھارت کے چہرے پر بد نما داغ، شہید بابری مسجد کی جگہ رام مندر کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا

ہم نیوز کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے گستاخانہ بیان کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ توہین آمیز اور متنازعہ بیان سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں، متنازعہ بیان بھارت میں اسلامو فوبیا کے بڑھتے رجحان کا عکاس ہے۔

انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت میں بڑھتے ہوئے اسلامو فوبیا مہم کا سنجیدگی سے نوٹس لے۔

صدر مملکت نے واضح کیا ہے کہ محض پارٹی عہدیداروں کو معطل کرنا اور نکال دینا کافی نہیں ہے بلکہ بی جے پی کو اپنے انتہا پسند اور فاشسٹ ہندوتوا نظریے سے کنارہ کشی اختیار کرنا ہوگی۔

ڈاکٹر عارف علوی نے خبردار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ایسے بیانات مزید تعصب، تشدد اور نفرت کا باعث بن سکتے ہیں۔

وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر میاں شہباز شریف نے بھارت کی انتہا پسند حکمراں جماعت بی جے پی کی ترجمان کی جانب سے گستاخانہ بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بارہا کہہ چکے ہیں کہ فاشسٹ مودی کی قیادت میں بھارت مذہبی آزادی پامال کر رہا ہے، بھارت میں مسلمانوں پر شدید ظلم و ستم جاری ہے، دنیا بھارتی انتہا پسندی کا نوٹس لے۔

پاکستان سے نفرت، پانی روکنے کا مشورہ، بھارتی صحافی کو مہنگا پڑ گیا

ہم نیوز کے مطابق انہوں ںے کہا کہ ہمارے لیے نبی کریم ﷺ کی محبت سے بڑھ کر اور کچھ نہیں، تمام مسلمان نبی کریم ﷺ کی محبت اور ناموس کے لیے اپنی جان قربان کر سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ بی جے پی کی ترجمان نوپور شرما نے ایک ٹی وی چینل کے پروگرام میں اسلام اور نبی کریمﷺکے حوالے سے متنازع گفتگو کی تھی۔

سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے نبی کریمﷺ پر بی جے پی ترجمان کے گستاخانہ بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی حکومت مسلمانوں کے خلاف اشتعال انگیزی و نفرت کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ مودی حکومت کی سرپرستی میں مسلمانوں پر حملے کئے جا رہے ہیں، نبی کریمﷺکی گستاخی مسلمانوں کیلئے سب سے تکلیف دہ عمل ہے۔

بھارتی بربریت، مئی میں 32 کشمیریوں کو شہید کر دیا

وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھی گستاخانہ بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کا اسلام مخالف بیان کسی بھی صورت قابل قبول نہیں ہے۔

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بھارت کے اسلام مخالف بیان سے مسلم امہ کے جذبات کو شدید ٹھیس پہنچی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی ادارے بھارت میں اسلاموفوبیا کو روکنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

پاکستانی دفتر خارجہ نے بھی اس حوالے سے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ بھارت میں انتہا پسند ہندو مسلمانوں کو مسلسل دیوار سے لگا رہے ہیں جب کہ اندرون ملک انتہاپسند ہندؤں کو سیکیورٹی فورسز کی سرپرستی حاصل ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ مسلمانوں کے حقوق کی خلاف ورزی بھارت میں معمول بن چکی ہے، عالمی برادری بھارت میں بڑھتے ہوئے اسلاموفوبیا اور خراب صورتحال کا نوٹس لے۔

بھارت میں کالج لان میں نماز پڑھنا جرم، پروفیسر کو گھر بھیج دیا

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق بھارت میں مسلماںوں کی جانب سے کیے جانے والے احتجاج پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 1500 مسلمانوں کے خلاف مقدمات درج کر کے متعدد گرفتاریاں بھی کی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی شہر کانپور میں اس حوالے سے دی گئی احتجاجی کال پر دو گروپوں کے درمیان جھڑپیں ہوئی تو پولیس نے نہ صرف مسلمانوں پر شیلنگ کی بلکہ انہیں پتھراؤ کا بھی نشانہ بنایا۔

بھارت میں جاری کشیدگی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ بریلی میں سنگین حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے کرفیو نافذ کردیا گیا ہے۔

مفتی اعظم عمان احمد بن حمد الخليلی نے بھارتی اشیا کا بائیکاٹ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی جے پی ترجمان کا یہ اقدام ہر مسلمان کے خلاف ہے، اس پر مشرق سے مغرب تک تمام مسلمانوں کو ایک ہونا چاہیے۔

تجارت بڑھانا ترجیح ہے، بھارت میں مسلمانوں کی جانوں کو خطرہ ہے، گن پوائنٹ پر قانون سازی نہیں چاہتے: بلاول

میڈیا رپورٹس کے مطابق عرب ممالک میں عوام کی جانب سے سخت احتجاج کیا جارہا ہے۔ مصر، سعودی عرب، قطر، بحرین اورکویت میں بائیکاٹ انڈیا کی مہم چل پڑی ہے اور بھارت سے درآمد شدہ اشیا استعمال نہ کرنے کی اپیل کی جارہی ہے جس کی عوام کی جانب سے بھرپور حمایت کی جا رہی ہے۔

مؤقر بھارتی نشریاتی ادارے این ڈی ٹی کی رپورٹ کے مطابق قطر نے دوحہ میں بھارتی سفیرکو طلب کرکے بی جے پی ترجمان کی جانب سے گستاخانہ بیان پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا اور احتجاجی مراسلہ دیا ہے۔

خلیج  کے ذرائع ابلاغ نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ قطری وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی حکمران جماعت کی ترجمان کے بیان کی سختی سے مذمت کرتے ہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق کویت نے بھی بھارت کے سفیر کو دفتر خارجہ طلب کیا اور بھارتی سفیرکو دین اسلام سے متعلق گستاخانہ بیان پر احتجاجی مراسلہ دیا۔

کویتی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی حکمران جماعت کی ترجمان کے بیان کی سختی سے مذمت کرتے ہیں۔

یاسین ملک کی عمرقید کی سزاکے فیصلے پر او آئی سی کی تنقید، بھارت کی ترديد

بھارتی حکمران جماعت بی جے پی کی ترجمان کے گستاخانہ بیان پر ایران کے دارالحکومت تہران میں مقیم بھارتی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا جہاں انہیں شدید احتجاجی مراسلہ دیا گیا۔


متعلقہ خبریں