عمران خان کو نہیں بھولنا چاہیے ہمارے 11 ووٹ ہیں، پرویز الہیٰ


لاہور: اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ عمران خان کو نہیں بھولنا چاہیے ہمارے 11 ووٹ ہیں۔

مسلم لیگ ق کے رہنما اور اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہیٰ نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ سیاست ہماری جماعت کے گرد گھوم رہی ہے اور شہباز شریف کی حکومت صرف 2 ووٹوں سے قائم ہے جو طارق بشیر چیمہ اور چودھری سالک کا ووٹ ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکمران باہر نکل کے لوگوں کو کیا بتائیں گے؟ ڈیزل کی قیمتیں بڑھنے کی وجہ سے کسان رل گئے ہیں۔ پی ٹی آئی سے پرانا تعلق ہے اور شریف خاندان کو 20 سال سے دیکھ چکے ہیں۔ ق لیگ نے تمام حلقوں میں کام کیا اور مونس الہٰی کے پاس وزارت بھی تھی جبکہ چودھری سالک پہلی دفعہ سیاست میں آئے ہیں ان کو لانے میں تعاون کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں 50 کروڑ ڈالر کی کمی ہوئی، اسد عمر

پرویز الہیٰ نے کہا کہ موجودہ صورتحال پر چودھری شجاعت حسین سے بات ہوئی ہے اور چودھری شجاعت حسین نے کہا کوئی ایسا وعدہ نہیں کیا جس سے شرمندگی ہو۔ مسلم لیگ ق متحد ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کہتے تھے آصف علی زرداری کو گھسیٹوں گا لیکن اب آصف زرداری وزیر اعظم کو گھسیٹ رہے ہیں اور آصف زرداری نے شہباز شریف کو لاوارث کر دیا۔ عمران خان کو اچھا لگے یا برا، کہہ دیتا ہوں کی یہ غلط ہوا اس کو ٹھیک کریں اور 2018 سے پہلے عمران خان کا کوئی وجود نہیں تھا بس ان کا شوق تھا۔

یہ بھی پڑھیں: لانگ مارچ:پی ٹی آئی رہنمائوں کےخلاف مقدمے میں دہشتگردی کی دفعات شامل،وارنٹ گرفتاری جاری

اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ عمران خان نے حکومت بنائی تو 7 ووٹوں کا مارجن تھا اور ہمارے 11 ووٹ تھے اس لیے عمران خان کو یہ نہیں بھولنا چاہیے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ عمران خان پھر کامیاب ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن کہاں سے ووٹ لے گی؟ اور عمران خان ضمنی انتخابات کے سلسلے میں حلقوں میں خود جائیں گے۔ بجٹ اجلاس میں یہ لوگ اپنے بندے تو پورے کریں۔

رہنما ق لیگ نے کہا کہ پاکستان کا نظام ،معاشی، سیاسی اور اخلاقی طور پر کمزور ہوا ہے۔


متعلقہ خبریں