وزیر خارجہ بلاول بھٹو تہران پہنچ گئے


وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری دو روزہ دورے پرتہران پہنچ گئے، ایرانی وزارت خارجہ کے مغربی ایشیا کے سربراہ سید رسول موسوی نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا استقبال کیا۔

دورے کے دوران وہ ایرانی ہم منصب سمیت دیگر حکومتی عہدیداروں سے ملاقات کریں گے۔ بحیثیت وزیر خارجہ ایران کے اپنے پہلے دورے کے دوران بلاول بھٹو زرداری ایرانی صدر ابراہیم رئیسی سے بھی ملاقات کرینگے۔

اپنے دورے میں  بلاول بھٹو مشہد بھی جائیں گے جہاں وہ زیارتوں کا شرف حاصل کریں گے، وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری دورہ ایران کے دوران دوطرفہ تعلقات کے فروغ، معاشی روابط اور برادر ملک سے بجلی کی فراہمی کے معاملے پر بات کریں گے۔

بلاول بھٹو ایران کے ساتھ سرحد پر سستے بازار، بذریعہ ٹرین اور سڑک رابطے اور زائرین کے لئے سہولیات کے ایشوز کو بھی اٹھائیں گے،  ایرانی حکام کے ساتھ افغانستان اور جنوبی ایشیا میں ہونے والی پیشرفت کے تناظر میں سیکیورٹی صورت حال پر بھی بات کریں گے۔

وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری اور ایرانی حکام کے درمیان اسلاموفوبیا سے مقابلہ کرنے کے حوالے سے بھی مکالمہ ہوگا۔


متعلقہ خبریں