“آئندہ باہر جانا اجازت سے مشروطـ’’ بااختیار افراد نے ای سی ایل رولز میں ترمیم سے فائدہ اٹھایا، سپریم کورٹ

سپریم کورٹ خط (supreme court letter)

سپریم کورٹ نے حکومت کو ای سی ایل ایس او پیز کو مزید شفاف بنانے کا حکم دیتے ہوئے ای سی ایل میں شامل افراد کے بیرون ملک سفرکووزارت داخلہ کی اجازت سے مشروط کردیا۔ چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیئے کہ بااختیار افراد نے  ای سی ایل رولز میں ترمیم کرکے فائدہ اٹھایا۔

چیف جسٹس عمرعطا بندیال کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بینچ نے تحقیقات میں حکومتی مداخلت پر ازخود نوٹس کی سماعت کی۔

چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیئے کہ قانونی عمل پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونے دینگے،کوئی ادارہ اپنی حد سے تجاوز نہ کرے،ایسا حکم نہیں دینا چاہتے،جس سے حکومت کو مشکلات ہوں،جسٹس منیب اختر نے کہاکہ سمجھ نہیں آ رہی حکومت کرنا کیا چاہتی ہے،لگتا ہے حکومت بہت کمزور وکٹ پر کھڑی ہے۔

ایف آئی اے نے 42 ہائی پروفائل کیسز کا سربمہر ڈیجیٹل ریکارڈ  سپریم کورٹ میں جمع کرا دیا،جس کے مطابق وزیراعظم اور وزیراعلیٰ سمیت 14 ہائی پروفائل ملزمان کے نام ای سی ایل سے نکالے گئے،عدالت نے نیب کو ہائی پروفائل کیسز کا ڈیجیٹل ریکارڈ جمع کرانے کیلئے دو ہفتوں کی مہلت دیدی۔

عدالت کے استفسار پر اٹارنی جنرل نے بتایا کہ ای سی ایل رولز کے حوالے سے معاملہ کابینہ کمیٹی برائے قانون انصاف میں زیرغور ہے،چندروزمیں باضابطہ طریقہ کار وضع ہوجائے گا۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ جس نے سرکاری کام سے باہر جانا ہے اسے اجازت ہونی چاہیے،جوملزم بھی بیرون ملک جانا چاہیے تو وزارت داخلہ سے اجازت لینا ہوگی،ملک اس وقت معاشی بحران سے گزر رہا ہے،پارلیمنٹ میں اکثریتی جماعت پارلیمنٹ سے باہر جاچکی ہے،موجودہ حالات منفرد نوعیت کے ہیں۔سسٹم کوچلتا رہنے کیلئے سب کو مل کرکام کرنا ہوگا،پارلیمان سے یکطرفہ قانون سازی بھی قانونی تقاضوں کے مطابق ہونی چاہیے۔یہ کسی کیلئے فائدہ اٹھانے کا موقع نہیں ہے۔

دوران سماعت چیف جسٹس نے وزیراعظم شہبازشریف کی جانب سے عدالت میں پیش ہونے کے اقدام کی تعریف کرتےہوئے کہا کہ اچھا لگا وزیراعظم اور وزیراعلیٰ نے خود پیش ہوکر اپنی ضمانت کرائی۔

اٹارنی جنرل نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ ترمیم تک کوئی ملزم بغیر اجازت بیرون ملک نہیں جا سکے گا، نئے رولز میں متعلقہ اداروں کی مرضی سے ہی نامزد ملزم بیرون ملک جا سکے گا۔کیس کی سماعت 27 جون تک ملتوی کردی گئی۔


متعلقہ خبریں