نگراں وزیراعظم کا معاملہ، شاہد خاقان عباسی کے رویہ سے پیپلز پارٹی ناخوش


اسلام آباد:  نگراں وزیراعظم کی نامزدگی کے معاملے پر پیپلزپارٹی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے رویہ سے خوش نہیں اور اس نے پارلیمانی کمیٹی کے لیے نوید قمر اور شیری رحمان کے ناموں کو حتمی شکل دے دی ہے جو وزیراعظم اور قائد حزب اختلاف کی بات چیت ناکام  ہونے کی صورت میں اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے تشکیل دی جا سکتی ہے۔

بدھ  کو پیپلزپارٹی نے اسلام آباد میں ایک  اہم مشاورتی اجلاس بھی طلب کرلیا ہے جس کی مشترکہ صدارت چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری کریں گے، اجلاس میں پارٹی کے سینئر مرکزی اور صوبائی قائدین شرکت کریں گے اور اس میں پیپلزپارٹی کی قیادت نگراں وزیراعظم کے تقرر، عام انتخابات اور دیگر امور پر مشاورت کرے گی۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ اور وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے مشاورت سے منگل 22 مئی کو نگراں وزیراعظم کا نام فائنل کرنے کا کہا تھا تا ہم ابھی تک کسی بھی نام پر حکومت اور اپوزیشن متفق نہیں ہوسکیں۔

وزیراعظم  اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان نگراں وزیراعظم کے لیے پانچ ملاقاتیں ہوچکی ہیں جو بے نتیجہ رہیں۔


متعلقہ خبریں