عامر لیاقت حسین کی خالی نشست پر انتخابات کا شیڈول جاری


کراچی: الیکشن کمیشن نے معروف ٹی وی میزبان اور رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت کے انتقال کے باعث خالی ہونے والی نشست این اے 245 پر ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کر دیا۔

الیکشن کمیشن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین کے انتقال کے باعث خالی ہونے والی نشست این اے 245 میں ضمنی انتخاب 27 جولائی کو ہوں گے۔

این اے 245 پر ضمنی انتخاب میں حصہ لینے کے خواہشمند افراد 20 جون کو کاغذات نامزدگی حاصل کر سکیں گے اور 22 سے 24 جون تک نامزدگی فارم جمع کرائے جاسکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ میں بازار اور دکانیں رات 9 بجے بند کرنے کا حکم جاری

نوٹیفکیشن کے مطابق 25 جون کو امیدواروں کی ابتدائی فہرست جاری کی جائے گی اور 27 جون تک کاغذات کی جانچ پڑتال ہو گی۔ 5 جولائی کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری ہوگی اور 6 جولائی کو امیدوار دستبردار ہوسکیں گے جبکہ 7 جولائی کو امیدواروں کو انتخابی نشانات الاٹ ہوں گے۔

واضح رہے کہ معروف ٹی وی میزبان عامر لیاقت حسین 9 جون کو انتقال کر گئے تھے۔


متعلقہ خبریں