پاکستان کیخلاف افغان سرزمین استعمال نہیں ہونے دیں گے، طالبان


کابل: افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف کسی کو اپنی سرزمین استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

ترجمان افغان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا کہ پاکستان کے ساتھ تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے مذاکرات کامیاب ہوں یا نہ ہوں لیکن افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ٹی ٹی پی کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے اور ہوسکتا ہے دونوں فریق کسی نتیجے پر پہنچ جائیں جبکہ افغان طالبان دونوں فریقین کے مابین ثالث کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کی کوششوں کو تسلیم کر لیا

ترجمان افغان طالبان نے کہا کہ پاکستانی طالبان غیر معینہ مدت تک طویل جنگ بندی کا اعلان کر چکے ہیں اور اسی وجہ سے حملوں کے سلسلہ رکا ہوا ہے، ہماری کوشش ہے کہ معاملے میں جلد از جلد کوئی پیشرفت ہو۔

واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں ٹی ٹی پی نے جنگ بندی میں غیر معینہ مدت تک کے لیے توسیع کے اعلان کیا تھا جس کا پاکستان نے خیرمقدم کیا۔


متعلقہ خبریں