تاریخی دن جب پاکستان چیمپئنز ٹرافی کا فاتح بنا


لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) چیمپئنز ٹرافی جیتے 5 برس مکمل ہو گئے۔

18 جون 2017 وہ تاریخی دن جب پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو چیمپئنز ٹرافی میں شکست دے کر تاریخ رقم کی۔ میچ کی خاص بات سرفراز کی قائدانہ قیادت اور فخر زمان کی ناقابل شکست سینچری تھی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے یادگار لمحات اور فاتح کپتان سرفراز احمد کی یادوں پر مبنی ویڈیو سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کی۔ جس میں سابق کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ چیمپئینز ٹرافی جیتنا ہمارے لیے ایک یادگار لمحہ ہے جس کو کبھی نہیں بھول سکوں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام کھلاڑیوں نے غیر معمولی پرفارمنس دی لیکن فخرزمان کی سنچری اور محمد عامر کا اسپیل ہمیشہ یاد رہے گا کیونکہ ایسی شاندار بولنگ بہت کم دیکھنے کو ملتی ہے۔

سرفراز احمد نے سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ مجھ سمیت تمام کرکٹرز کو ساتھ لے کر چلے اور پہلے میچ کی نسبت فائنل میں بھارت کے خلاف ہم زیادہ پراعتماد ہو کر میدان میں اترے اور ٹیم نے فتح سمیٹی۔

سرفراز احمد نے کہا کہ ٹیم میٹنگ میں صرف یہ بات ہوئی کہ کامیابی کے لیے پازٹیو مائنڈ اور زبردست کمبی نیشن کے ساتھ کھیلنا ہے، اظہر علی نے بطور سینئر کھلاڑی اپنا کردار ادا کیا۔

سابق کپتان نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں روایتی حریف کے خلاف پوری ٹیم نے جان ماری اور اللہ نے پاکستان کو عزت دی۔


متعلقہ خبریں