قوم کیساتھ مل کر کل آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کریں گے، عمران خان


اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا ہے کہ جائیدادیں باہر رکھنے والوں کو عوام کی مشکلات اور ملک کے مستقبل کی فکر نہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی زیر صدارت پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا اور فیٹف سے نکلنے کے لیے بھرپور محنت کرنے پر عمران خان نے حماد اظہر کو مبارکباد دی۔ اجلاس میں فیٹف رابطہ کمیٹی کے اراکین اور افسران کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا۔

اجلاس میں حکومت کی جانب سے معیشت کی تباہی اور عوام پر مہنگائی کا عذاب مسلط کرنے پر تبادل خیال کیا گیا جبکہ بجلی، تیل اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف عمران خان کی کال پر ملک گیر احتجاج پر گفتگو ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد: غیرملکیوں، ملازمین، کرایہ داروں، پناہ گزینوں کی رجسٹریشن شروع

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ کورونا وبا اور عالمی مہنگائی کے سامنے پی ٹی آئی حکومت ڈھال بن کر اپنے لوگوں کو بچا رہی تھی اور لٹیروں نے اپنی تجوریاں بچانے کے لیے ملک گروی رکھ کر عوام پر مہنگائی کا عذاب نازل کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ اپنی جائیدادیں باہر رکھنے والوں کو عوام کی مشکلات اور ملک کے مستقبل کی کوئی فکر نہیں جبکہ تحریک انصاف اپنے لوگوں پر دن دیہاڑے ظلم برداشت نہیں کرے گی۔

عمران خان نے کہا کہ اتوار کے احتجاج میں قوم کے ساتھ مل کر آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کریں گے، ظالم، جبر اور طاقت سے عوام کو اپنے حق کے لیے آواز بلند کرنے سے نہیں روکا جا سکتا۔


متعلقہ خبریں