نیب نے حمزہ شہباز کو پھر طلب کرلیا


لاہور: قومی احتساب بیورو(نیب) نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے بیٹے حمزہ شہباز کو صاف پانی اسکینڈل میں ایک مرتبہ پھر طلب کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق حمزہ شہباز کو آج ریکارڈ سمیت پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور ایم این اے حمزہ شہباز کو نیب کی طرف سے ایک سوالنامہ دیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سوالنامے کے جوابات بمعہ دستاویزی ثبوت ساتھ لائیں۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے صاحبزادے سے ان کے سیاسی کیرئیر کی تمام تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق نیب حکام ان سے یہ بھی معلوم کرنا چاہتے ہیں کہ ان کے پاس مختلف حکومتوں کے ادوار میں کون سے عہدے رہے؟ اور حکومتوں کی جانب سے انہیں کتنی مالیت کے ترقیاتی فنڈز ملے؟

ذرائع کا دعویٰ ہے کہ نیب حکام کا اصرار ہے کہ حمزہ شہباز صاف پانی کمپنی سے متعلق متعدد اہم اجلاسوں مٰیں شریک رہے ہیں۔ حکام کا الزام ہے کہ حمزہ شہباز نے کئی مرتبہ بورڈ  آف ڈائریکٹرز کے اجلاسوں کی صدارت کی ہے۔ حکام کی جانب سے حمزہ شہباز پر واٹر فلٹریشن  پلانٹ لگانے سے متعلق ہدایات دینے کا بھی الزام ہے۔

نیب حکام نے 18 مئی کوبھی پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے صاحبزادے اور رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز سے تقریباً ڈیڑھ گھنٹہ طویل تفتیش کی تھی مگر وہ مطمئن نہیں ہوئے تھے۔


متعلقہ خبریں