عامر لیاقت کی قبر کشائی کے لیےمیڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم


کراچی  کی مقامی عدالت نے ڈاکٹر عامر لیاقت کی قبر کشائی کے لئےمیڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم دے دیا۔

قبرکشائی،طبی معائنے اور پوسٹ مارٹم سے متعلق متفرق درخواست کے فیصلے کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ کراچی نے سیکریٹری محکمہ صحت سندھ کو  میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم جاری کردیا۔

جوڈِشل مجسٹریٹ کراچی کی جانب سے حکم دیا گیا ہے کہ محکمہ صحت سندھ میڈیکل بورڈ تشکیل دے اور قبر کشائی کی تاریخ متعین کرے۔

واضح رہے کہ  جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت نےمعروف ٹی وی شخصیت اور رکنِ قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کا پوسٹ مارٹم کرنے کا حکم دیا  تھا۔

عدالت کے تحریری حکم نامے کے مطابق ورثا کا مؤقف ہے کہ عامر لیاقت کے پوسٹ مارٹم سے ان کی قبر کی بے حرمتی ہوگی تاہم جب موت مشکوک ہو اور جرم کا بھی خدشہ ہو تو انصاف کے نظام کو حرکت میں آنا چاہیے۔

 فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پس پردہ حقائق کو سامنے آنا چاہیے۔ واضح ہے کہ عامر لیاقت کی موت کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی اور عامر لیاقت کی موت کی وجہ پتہ نہ چلنے سے سوال پیدا ہوتے ہیں کہ موت قدرتی ہے یا نہیں۔

 یاد رہے کہ9 جون کو اچانک اپنے گھر میں مردہ پائے جانے والے عامر لیاقت کو کراچی میں عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں سپردِ خاک کیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں