الیکشن کمیشن ذمہ داری سے غافل ہوا تو سب کچھ داؤ پر لگ جائے گا، شاہ محمود قریشی


لاہور: سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن ذمہ داری سے غافل رہا تو قوم کا مستقبل داؤ پر لگ جائے گا۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دیگر پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن پر عوام کے ٹیکس کا پیسہ استعمال ہو رہا ہے جبکہ یہ قانونی اور مالی لحاظ سے آزاد ادارہ ہے۔ لوگوں کا اعتماد اس ادارے سے کم ہوتا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم آگے بڑھے اور آج بھی آگے بڑھنے کے لیے تیار ہیں۔ یہ الیکشن 20 سیٹوں کا نہیں بلکہ حمزہ شہباز کی وزارت اعلیٰ کا ہے اور اپنی وزارت اعلیٰ کے لیے سب کو جھونک سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: دل پر پتھر رکھ کر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھائیں، اچھا وقت بھی آئے گا، شہباز شریف

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ باز گشت ہے کہ 18 سیٹیں ن لیگ کی اور 2 پی ٹی آئی کی ہیں اس میں وزیبل ہاتھ بھی ہے اور ان وزیبل ہاتھ بھی ہے۔ الیکشن کمیشن ذمہ داری سے غافل رہا تو قوم کا مستقبل داؤ پر لگ جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں اپنی ساکھ کھو دی تو آج کہہ رہا ہوں جنرل الیکشن آپ دفن کر دیں گے اور اس ملک میں عام انتخابات کے نتائج قوم نہیں دیکھے گی۔ ڈسکہ کا واقعہ تو سامنے ہے اور خدارا کہیں بیس ڈسکے نہ پیدا کر دیجئیے گا۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ حمزہ تمہیں مبارک ہو اور تم نے ثابت کر دیا کہ گنگا الٹی بہہ سکتی ہے۔


متعلقہ خبریں