عالمی مارکیٹ میں پیٹرول سستا ہوا تو جو ہوسکا کریں گے،مفتاح اسماعیل


اسلام آباد: وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرول کی قیمت کم ہوئی تو پاکستان میں بھی جو کر سکتے ہیں وہ کریں گے۔ عمران خان نے ملک کو دیوالیہ کے قریب پہنچا دیا تھا، وہ 120 ارب روپے کا خسارہ چھوڑ کر گئے۔

وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات میں بجٹ پیش کیا گیا اور جو بجٹ پیش کیا گیا اس میں صرف امیر پر ٹیکس لگایا گیا۔ ہم ٹیکس لیں گے مگر امیروں سے لیا جائے گا۔ کل قومی اسمبلی میں تقریر کر کے بجٹ کلوز کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) دور میں بہت زیادہ ٹیکسز لگائے گئے اور پاکستان میں ہمیشہ غریب کے لیے ٹیکس ہوتا ہے۔ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ساتھ معاہدے میں پیشرفت ہوئی ہے۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ وزیر اعظم کے بیٹوں کی کمپنیوں پر ٹیکس لگایا گیا ہے اور میری کمپنی پر بھی مزید ٹیکس عائد ہو گا۔ سابق حکومت نے جتنے بھی ٹیکس لگائے ان سے غریب متاثر ہوا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز چین نے 2.3 ارب ڈالرز معاہدے پر دستخط کیے ہیں اور ایک دو دن میں چین کی جانب سے پیسے پاکستان منتقل ہوجائیں گے جبکہ کچھ دنوں میں ملک میں گھی بھی سستا ہوجائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: نیب ترمیمی بل سے کرپشن کیسز ختم ہو جائیں گے، فرخ حبیب

عمران خان کے لنگر خانوں سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لنگر خانوں میں سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کا سامان ہوتا تھا اور عمران خان نے خود سے کچھ نہیں لگایا۔ عمران خان جب مارچ کر رہے تھے اس وقت حکمران بڑے بڑے فیصلے کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ قیمتوں میں اضافے کے فیصلے آسان نہیں تھے تاہم ہم جلد صورتحال پر قابو پالیں گے اور 60 لاکھ خاندانوں کو ریلیف دیں گے جبکہ 10 لاکھ خاندان رجسٹر ہو چکے ہیں اور غریبوں کو اشیائے خوردونوش سستا دیں گے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں لوگوں کو نیوٹرل نہیں ہونا چاہیے۔ پونے 4 سال میں عمران خان نے 80 فیصد زیادہ قرض لیا اور عمران خان کی حکومت ملک کو دیوالیہ کی نہج پر چھوڑ کر گئی۔ عمران خان 120 ارب روپے کا خسارہ چھوڑ کر گئے۔


متعلقہ خبریں