بھارت:قبائلی خاتون سیاستدان دروپدی مرمو بی جے پی کی صدارتی امیدوار نامزد


بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی نے قبائلی خاتون سیاستدان دروپدی مرموکو اپنا بھارتی صدارتی امیدوار نامزد کردیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 64 سالہ دروپدی مرمو کا تعلق ریاست اڑیسہ سے ہے۔ وہ کئی دہائیوں سے بی جے پی کا حصہ ہیں اور اہم عہدوں پر فرائض انجام دی چکی ہیں۔

دروپدی مرمو اپنے کیئریر کے آغازمیں ٹیچر بھی رہ چکی ہیں ۔ وہ قبائلیوں کے حقوق کے لیے بھی سرگرم رہی ہیں۔

وہ بی جے پی کے ٹکٹ پر ریاست اڑیسہ کی اسمبلی میں دو مرتبہ منتخب ہوئیں۔سال 2015 میں وہ ریاست جھاڑکھنڈ کی پہلی خاتون گورنر منتخب ہوئی تھیں۔اگر وہ بھارت کی صدر منتخب ہوتی ہیں تو وہ اس عہدے پر فائز ہونے والی پہلی قبائلی رہنما ہوں گی۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ حکومتی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی  کی پارلیمان میں اکثریت  کے باعث دروپدی مرمو کے صدر منتخب ہونے کے امکانات روشن ہیں۔ دیگر ریاستی اسمبلیوں سے بھی ان کی  حمایت کا امکان ہے۔

دوسری جانب انڈیا کی اپوزیشن جماعتوں کا کہنا ہے کہ وہ بی جے پی کے سابق رکن یشونت سنہا کی حمایت کریں گے۔

بھارت میں صدارتی الیکشن 18 جولائی کو ہوں گے جس کے نتائج کا اعلان 21 جولائی کو ہوگا اور الیکشن میں کامیاب امیدوار موجودہ صدر رام ناتھ کووند کی جگہ لے گا۔


متعلقہ خبریں