وزیر اعظم کا گوادر میں رہائشی کالونی کیلئے 200 ایکڑ اراضی دینے کا اعلان


گوادر: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت بلوچستان کے مسائل حل کرنے کی خواہاں ہے۔ گوادر کے مسائل حل کیے بغیر ترقی بے معنیٰ ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے دورہ گوادر کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گوادر کا ایک ماہ میں یہ میرا دوسرا دورہ ہے اور ہمارا فرض ہے کہ ہم حکومتی وعدوں کو پورا کریں۔

انہوں نے کہا کہ میں یقین دلاتا ہوں کہ گوادر کے مسائل حل کریں گے اور مسائل حل کیے بغیر ترقی بے معنیٰ ہے۔ خواہش ہے کہ گوادر اور بلوچستان کے عوام کو منصوبوں سے فائدہ ہو اور مقامی افراد کے مسائل حل کریں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ گوادر کی ترقی ہی بلوچستان کی ترقی ہے اور وفاقی حکومت بلوچستان کے مسائل حل کرنے کی خواہاں ہے۔ حکمرانوں کا فرض ہے کہ بلوچستان کے عوام کے مسائل اور تکلیف کم کریں۔

انہوں نے کہا کہ گوادر کے ماہی گیروں کو کشتیوں کے لیے انجن دیں گے اور انجن کی تقسیم کے بعد مینٹیننس کی ذمہ داری بھی کمپنی کی ہو گی۔  2 ہزار کشتیوں کے انجن کی تقسیم میرٹ کی بنیاد پر ہو گی۔ 3 ماہ میں انجن فراہمی کا عمل مکمل ہو جائے گا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ گوادر کے عوام بجلی کو ترس رہے ہیں لیکن ہم نے سالوں کی تاخیر کر دی اور سوال یہ ہے کہ منصوبے میں تاخیر کیوں کی گئی ؟ تاہم ایران سے بجلی کا معاہدہ ہو گیا ہے اور منگل کو کابینہ میں سامنے لائیں گے۔ ایران نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے منصوبے پر معاہدے میں تاخیر کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: غریبوں سے نہیں بلکہ امیروں سے ٹیکس لیں گے، وزیر خزانہ

وزیر اعظم نے گوادر میں ماہی گیروں کی رہائشی کالونی بنانے کے لیے 200 ایکڑ اراضی دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ماہی گیروں نے مسائل بتائے ہیں جنہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ گوادر کے پانی کے پرانے پائپس بھی تبدیل کر دیئے جائیں گے اور پائپ لائنز کا کام رواں سال ستمبر میں مکمل ہو جائے گا جس کے بعد ستمبر میں ہی پانی کی فراہمی شروع ہو جائے گی اور 100 میگاواٹ بجلی کا کام بھی جلد مکمل کر لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب، چین، متحدہ عرب امارات، ترکی سمیت دیگر اسلامی ممالک ہمارے بہترین دوست ہیں جنہوں نے اچھے اور برے وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔ چین نے گوادر کے شہریوں کو 3 ہزار 700 سولر یونٹس فراہم کیے جبکہ 2014، 2015 میں 20، 20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہوتی تھی اور چین نے سی پیک کے ذریعے ہمیں ہزاروں میگاواٹ بجلی کے منصوبے دیئے۔

شہباز شریف نے کہا کہ بلوچستان کے لیے بجٹ میں 100 ارب روپے رکھے گئے ہیں، گوادر یونیورسٹی پی ایس ڈی پی میں آ چکی ہے اور جلد تعمیر مکمل کریں گے۔ گوادر میں 100 فیصد شفاف بڈنگ ہو گی اور بولی کے تحت سب اچھی کمپنیوں کو کام دیا جائے گا۔ بلوچستان کے عوام کے لیے ترقی کی سوچ اور بجٹ مختص کرنا ان پر احسان نہیں بلکہ ان کا حق ہے۔


متعلقہ خبریں