ن لیگ نے سیاست بچاتے بچاتے عوام کی تباہی کر دی، شاہ محمود قریشی


ملتان: سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ن لیگ نے سیاست بچاتے بچاتے عوام کی تباہی کر دی۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وزیر اعظم کہتے ہیں ہم نے سیاست نہیں ریاست کو بچایا ہے لیکن وزیر اعظم نے اپنے ذاتی مفادات کو تحفظ دیا ہے کیونکہ ریاست کی حفاظت 22 کروڑ عوام کرسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم جانتی ہے آپ کا ایجنڈا قومی نہیں بلکہ ذاتی تھا اور مسلم لیگ ن نے سیاست بچاتے بچاتے عوام کی تباہی کر دی ہے۔ لوگوں پر پیٹرول بم گرایا گیا اور پیٹرول پر 10 فیصد مزید ریگولیٹری ڈیوٹی لگا دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم کا گوادر میں رہائشی کالونی کیلئے 200 ایکڑ اراضی دینے کا اعلان

پی ٹی آئی کے رہنما نے کہا کہ مہنگائی کا جن بوتل سے باہر آ گیا ہے اور حکومت مہنگائی کے جن کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔ ن لیگ عوام کو سچ نہیں بتا رہی۔

انہوں نے کہا کہ اگست کے مہینے میں بجلی کا فی یونٹ 21 روپے کا ہو گا۔ ن لیگ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) سے معاہدہ کر چکی ہے اور جولائی میں لوگوں کو احساس ہو گا بجلی کا بل کہاں پہنچ گیا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بجٹ کو آئی ایم ایف نے مسترد کر دیا ہے اور حکومت نے سپر ٹیکس لگانے کا اشارہ دیا ہے۔ 10 فیصد سپر ٹیکس سیمنٹ پر لگے گا اور 10 فیصد سپر ٹیکس آٹو موبائل انڈسٹری پر لگے گا۔


متعلقہ خبریں