کراچی:بجلی بندش کےخلاف احتجاج، پولیس اور مظاہرین میں جھڑپیں، لاٹھی چارج اور پتھراو


کراچی میں ماڑی پورروڈ میدان جنگ بن گیا۔ بجلی کی لوڈ شیڈنگ کیخلاف احتجاج کرنے والے  مظاہرین اور پولیس  کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے ۔

کراچی میں لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج  کرنے والے شہریوں اور پولیس کے درمیان جھڑپیں شدت اختیار کر گئیں۔پولیس اور مظاہرین میں جھڑپ  کے دوران  ایک اہلکار زخمی ہو گیا۔

مظاہرین نے ایک بار پھر سڑک دونوں جانب سے بند کردی۔ پولیس کی جانب سے مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا گیا۔ مظاہرین اورپولیس میں ہونے والے  مذاکرات  بھی ناکام رہے۔

مظاہرین نے مطالبہ کیا ہے کہ گرفتار افراد کو رہا کیا جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ کئی دنوں سے بجلی اور پانی سے محروم ہیں۔جائز مطالبات کے لیے احتجاج کیا تو آنسو گیس کے شیل فائر کیےگئے۔

دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ  ٹریفک جام کے دوران شہریوں سے لوٹ مار کی گئی۔ ٹریفک میں پھنسے آئل ٹینکر سے تیل ٹپک رہا تھا۔ممکنہ حادثے سے بچنے کے لیے مظاہرین کو منتشر کیا۔

کراچی کے علاقے ماڑی پور روڈ پر  مظاہرین نے رات گئے مظاہرہ کیا جو اب تک جاری ہے۔ مظاہرین نے روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا۔رات سے بند روڈ پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی رہیں ۔ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے جائے وقوعہ پر  پہنچ کر مظاہرین کو منتشر کیا۔ اور گلیوں میں دھکیل دیا۔

جس کے بعد سے  قانون نافذ کرنے والے اداروں اور منتشر مظاہرین کے درمیان  جھڑپوں کا سلسلہ اب تک  جاری ہے۔

رات گئے کراچی میں گل بائی جناح برج اور اطراف میں بد ترین ٹریفک جام رہا۔لانڈھی فیوچر موڑ اور لیاقت آباد تین ہٹی پل پر بھی بجلی کی بندش کے خلاف عوام سڑکوں پر نکل آئے۔لیاقت آباد تین ہٹی سے جہانگیر روڈ آنے اور جانیوالی دونوں سڑکیں ٹریفک کیلئے بند رہی۔


متعلقہ خبریں