آصف زرداری نے ن لیگ سے انتقام لیا، شیخ رشید احمد


لاہور: سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ آصف زرداری نے ن لیگ سے انتقام لیا اور ن لیگ عوام کا امیج تباہ کر چکی ہے۔

سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ لوٹوں کو نااہل ہونا چاہیے کیونکہ ان کی کوئی قانونی حیثیت نہیں اور ن لیگ نے جن لوٹوں کو ٹکٹ دیا سب نا اہل ہونے چاہیئیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ مہنگائی پر قابو پانے آئے تھے لیکن مہنگائی نے انہیں کنٹرول کر لیا۔ حکومت مجھے گرفتار کرنا چاہتی ہے تو شوق سے کر لے۔ عمران خان پرامن جلسہ کرنے جا رہے ہیں اور میں ان کے ساتھ 2 جولائی کے جلسے کے لیے نکلوں گا۔ میں بھاگوں گا نہیں بلکہ عمران خان کے ساتھ ہوں۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ چین میں ترقی پذیر ممالک کی کانفرنس میں پاکستان کو نہیں بلایا گیا۔ کراچی میں دو انتخاب ہوئے اور دونوں میں گولیاں چلیں لیکن اگر کسی جگہ پی ٹی آئی کو ہرانے کی کوشش کی تو یہ لوگ نہیں چھوڑیں گے۔ اتحادیوں میں بعض ان سے نالاں ہیں اور گزشتہ روز وسیم اختر نے کہا بہت ہو گیا۔

انہوں نے کہا کہ بی اے پی، شیرپاؤ گروپ اور دیگر جماعتیں نظر نہیں آ رہیں اور سارا کچرا جو اکٹھا کیا گیا عمران خان ایک ٹھوکر میں ختم کر دیں گے۔ جولائی اہم ہے اور عید سے پہلے بہت اہم دن ہیں۔

انتخابات سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انتخابات کروا کر غیر ملکی ایجنڈے کی تباہی سے بچا جاسکتا ہے اور منصفانہ انتخابات کرائے جائیں سب مسئلے حل ہو جائیں گے۔ لاہور جب جاگتا ہے تو پورا پاکستان اس ٹرینڈ کو فالو کرتا ہے اور لاہور میں دو جگہ لوگ ن لیگ کے مخالف نظر آئے۔ ن لیگ کے لیے مار کھانے والوں کو ضمنی انتخابات کا ٹکٹ نہیں ملا۔

یہ بھی پڑھیں: یکم جولائی سے پیٹرول کی قیمتیں مزید بڑھیں گی، مفتاح اسماعیل

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا کہ پہلا موقع ہے بجلی کے بل میں 35 سے 40 روپے فی یونٹ اضافہ ہو گا اور غریب آدمی نے تو پیدل چلنا شروع کر دیا ہے۔ پاکستان کے مسائل کا حل صرف نئے انتخابات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چودھری برادران کو موجودہ حالات میں اکٹھے ہونا چاہیے اور میں کہتا تھا ن سے ش نکلے گی تو آج حکومت ش کی ہے۔ اداروں سے تعلقات ہیں اور رہیں گے۔ 17 جولائی کے انتخابات کو شفاف بنایا جائے۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ 25 تھانوں میں میرے خلاف مقدمات درج کرائے گئے اور 7 میں ضمانت ہوئی۔ اکتوبر میں انتخابات کی تاریخ دیتے ہوئے دیکھ رہا ہوں۔ جس اسمبلی میں راجہ ریاض ہو وہاں عمران خان کا نہ جانا درست فیصلہ ہے اور ہمیں اسٹیبلشمنٹ سے نہیں لڑنا۔

انہوں نے کہا کہ آصف زرداری نے ن لیگ سے انتقام لیا اور ن لیگ عوام کا امیج تباہ کر چکی ہے، سارا فائدہ عدم اعتماد کا عمران خان کو ہوا اور ن لیگ کے چہرے باقیوں کو ڈبونے کے لیے کافی ہیں۔


متعلقہ خبریں