امریکی صدر کی اہلیہ اور بیٹی سمیت 25 امریکیوں پر پابندی


ماسکو: روس نے امریکی صدر کی اہلیہ جل بائیڈن اور ان کی بیٹی سمیت 25 امریکیوں پر سفری پابندی عائد کر دی۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق روس نے امریکہ کی سیاسی شخصیات اور تاجروں کے خلاف پابندیوں میں مسلسل توسیع کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے اور اسی تسلسل میں مزید 25 امریکیوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔ جن امریکی شخصیات کو اسٹاپ لسٹ میں شامل کیا گیا اُن میں صدر جوبائیڈن کی اہلیہ اور بیٹی بھی شامل ہیں۔

روس کی جاری کردہ اسٹاپ لسٹ میں امریکی سینیٹرز سوسن کولنز، میک کونل، چارلس گراسلی اور کرسٹن گلیبرانڈ بھی شامل ہیں۔ امریکی سینیٹرز کے علاوہ پروفیسرز، محققین اور حکومتی حکام بھی شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: امریکی ریاست ٹیکساس میں ٹرالر سے 46 افراد کی لاشیں برآمد

واضح رہے کہ روس کے یوکرین پر حملے کے بعد سے امریکہ کی طرف سے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور روس پر مسلسل پابندیاں عائد کی جا رہی ہیں جبکہ یورپی یونین سمیت مغربی ممالک نے بھی روس کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔

روس نے اپنے اوپر لگنے والی پابندیوں کے ردعمل میں جوابی پابندیاں عائد کی ہیں اور دوسری جانب یوکرین پر مسلسل حملے جاری رکھے ہوئے ہے۔


متعلقہ خبریں