کورونا سے خوفزدہ ہونے کی نہیں بلکہ احتیاط کی ضرورت ہے، قادر پٹیل


اسلام آباد: وفاقی وزیر صحت قادر پٹیل نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا کیسز بڑھ رہے ہیں تاہم ان سے خوفزدہ ہونے کی نہیں بلکہ احتیاط کرنے کی ضرورت ہے۔

وفاقی وزیر صحت قادر پٹیل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ، ٹرینوں اور ائیر لائنز میں ماسک کا استعمال لازمی قرار دیا ہے جبکہ کورونا کی شدت کم ضرور ہوئی لیکن کورونا موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب تک کورونا ہے ہمیں احتیاطی تدابیر اپنانا ہوں گی۔ گزشتہ 24 گھنٹے میں کورونا سے پنجاب میں 65 سالہ شخص انتقال کر گیا اور گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 80 سال سے زائد عمر کی خاتون بھی انتقال کر گئی ہیں۔

قادر پٹیل نے کہا کہ کورونا ٹیسٹ کا استعداد بڑھانے کے لیے کہہ دیا ہے اور چاروں چیف سیکرٹریز کو ٹیسٹ سے متعلق ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ 85 فیصد سے زائد ہماری قوم ویکسی نیٹڈ ہے اور بوسٹر کمپین بھی شروع ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جن کی عمر 12 سال سے کم ہے وہ ویکسین سے رہ جاتے ہیں لیکن اب انتظامات کر لیے ہیں اور جلد 5 سے 12 سال کے درمیان کے بچوں کی ویکسی نیشن بھی شروع ہو جائے گی۔

وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ 12 سال سے بڑے عمر کے 86 فیصد لوگوں کا ویکسی نیٹڈ ہونا اچھا ہے اور این سی او سی روزانہ کی بنیاد پر تفصیلات شیئر کرتی ہے اور اعلامیہ بھی جاری کیا جاتا ہے۔


متعلقہ خبریں