کراچی میں لوڈ شیڈنگ جاری، 24 گھنٹوں میں بہتری کی یقین دہانی

کراچی میں لوڈ شیڈنگ جاری، 24 گھنٹوں میں بہتری کی یقین دہانی

کراچی: حکومت سندھ نے کراچی میں ہونے والی لوڈ شیڈنگ میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بہتری کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔

کے الیکٹرک ذمہ داری قبول کرے، افسران قبلہ درست کریں، عوام کو ریلیف دیں، حکومت سندھ

ہم نیوز کے مطابق یہ یقین دہانی سندھ کے وزیر توانائی امتیاز شیخ نے لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں کرائی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر سعید غنی، وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی سید وقار مہدی، نبیل گبول اور دیگر اراکین اسمبلی بھی موجود تھے۔

سندھ کے وزیر توانائی امتیاز شیخ نے کہا کہ حکومت سندھ کراچی میں لوڈشیڈنگ کا مسئلہ حل کرنے کے حوالے سے پر امید ہے، شہر قائد میں لوڈ شیڈنگ کے باعث امن و امان کا مسئلہ پیدا ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کے اجلاس میں کے الیکٹرک کے حکام کو بلایا تھا جس میں وہ شریک ہوئے اور انہوں نے اپنے تمام مسائل سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ حکومت سندھ کو کوئی بلیک میل نہیں کر سکتا ہے۔

سندھ کے وزیر توانائی امتیاز شیخ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ لوڈ شیڈنگ صرف کراچی میں نہیں بلکہ پورے ملک میں ہو رہی ہے، وزیراعلیٰ سندھ سے کہیں گے کہ وہ اس مسئلے پر وزیراعظم سے بات بھی کریں۔

کراچی، لوڈ شیڈنگ کیخلاف ماڑی پور اور ملیر میں احتجاج ، جھڑپیں، خاتون جاں بحق،کئی افرادزخمی

ہم نیوز کے مطابق شہر قائد میں بدستور بدترین لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے اور لوڈ شیڈنگ سے مستشنیٰ قرار دیے گئے 65 فیصد فیڈرز پر بھی لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں ایک گھنٹے کا اضافہ کردیا گیا ہے۔

اس ضمن میں ہم نیوز نے بتایا ہے کہ 65 فیصد فیڈرز پر دو گھنٹے کے لیے چار مرتبہ بجلی بند کی جا رہی ہے جب کہ لائن لاسز والے فیڈرز پر تین گھنٹے کے لیے چھ  مرتبہ بجلی کی فراہمی معطل کی جاتی ہے۔

ترجمان کے الیکٹرک کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر کو 2850 میگاواٹ بجلی فراہم کی گئی ہے، فراہم کردہ بجلی میں نیشنل گرڈ سے ملنے والی 1000 میگاواٹ بجلی بھی شامل ہے۔

کراچی میں بجلی بحران، لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12 گھنٹے سے تجاوز کر گیا

ہم نیوز کے مطابق ترجمان کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کو واجبات کی عدم ادائیگی کے باعث کیش فلو کی کمی کا بھی سامنا ہے۔


متعلقہ خبریں