سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کے مؤقف کو درست قرار دیا، اسد عمر


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کے مؤقف کو درست قرار دے دیا۔

پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے فواد چودھری اور بابر اعوان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حمزہ شہباز کبھی بھی منتخب وزیر اعلیٰ تھے ہی نہیں اور ضمنی انتخابات کے بعد ہاؤس مکمل ہو گا۔ پاکستان میں لوٹوں کی سیاست کو ہمیشہ کے لیے دفن کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام میں عمران خان کی مقبولیت میں اضافہ ہو رہا ہے اور آج سپریم کورٹ پر پورے پنجاب کی نظر جمی تھی۔ ہمارا پہلے دن سے مؤقف تھا کہ پنجاب میں بننے والی حکومت غیر قانونی ہے اور پہلے لاہور ہائیکورٹ پھر آج سپریم کورٹ نے بھی ہمارے مؤقف کی تائید کر دی۔ ایسے افسران کو لگایا جا رہا ہے جو ٹھیک نہیں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: حمزہ شہباز عبوری طور پر برقرار، وزیر اعلیٰ کا دوبارہ انتخاب 22 جولائی کو ہو گا، سپریم کورٹ

سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ قومی اسمبلی میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ سب کے سامنے ہے اور حمزہ شہباز محدود اختیارات کے تحت 22 جولائی تک وزیر اعلیٰ ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ عدالت نے سیاسی معاملات کو آپس میں مل کر حل کرنے کا کہا ہے اور تحریک انصاف کے مؤقف کی جیت ہوئی ہے۔ حمزہ شہباز منتخب نہیں بلکہ سلیکٹڈ وزیر اعلیٰ ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما بابر اعوان نے کہا کہ میرے مطابق حمزہ شہباز غیر آئینی مشکوک وزیر اعلیٰ ہیں۔


متعلقہ خبریں