یوکرین جنگ، روسی افواج کی کارروائیوں میں تیزی


روسی افواج  نے یوکرین پر حملے اورکارروائیوں میں تیزی کر دی ہیں۔

روسی فوج نے مشرقی یوکرینی شہر لیسیچنسک اور اس کے نواحی علاقوں میں اپنی کارروائیوں میں تیزی پیدا کر دی ہے۔ لوہانسک ریجن میں اب یہ واحد ایسا شہر ہے جہاں روسی افواج کو مزاحمت کا سامنا ہے۔

لوہانسک کے گورنر  کا کہنا ہے کہ روس اس شہر پر قبضے کی بھرپور کوشش کر رہا ہے۔ لوہانسک اور ڈونیٹسک یوکرین کے دو ایسے صوبے ہیں جن سے مل کر ڈونباس کا ریجن بنتا ہے۔ روس کی کوشش ہے کہ یوکرین کے اس مشرقی ریجن پر قبضہ کر لیا جائے۔

یوکرینی حکام نے روس پر الزام عائد کر دیا ہے کہ وہ ممنوعہ کلسٹر بموں کا استعمال کر رہا ہے۔ مشرقی یوکرینی شہر سلووینسک میں مبینہ طور پر ان خطرناک بموں کے حملوں کے نتیجے میں چار افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

شہر کے مئیر نے بتایا ہے کہ یہ حملے ایسے شہری علاقوں میں کیے گئے جہاں کوئی عسکری تنصیب نہیں ہے۔ ایک عالمی کنوینشن کے تحت کلسٹر بموں کا استعمال غیر قانونی ہے۔

دوسری جانب امریکہ نے یوکرین کو مزید دفاعی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ امریکی محمکہ دفاع نے بتایا ہے کہ روسی جارحیت سے نمٹنے کے لیے کیف کو820 ملین امریکی ڈالر کا دفاعی پیکج دیا جائے گا۔

پینٹا گون کے مطابق زیادہ تر اسلحہ امریکی حکومت کے بجائے امریکی اسلحہ ساز صنعت فراہم کرے گی۔ یوکرین جنگ کے شروع ہونے کے بعد امریکی حکومت یوکرین کو مجموعی طور پر سات بلین ڈالر کا اسلحہ فراہم کرنے کا وعدہ کر چکی ہے۔


متعلقہ خبریں